راہول گاندھی کا انتباہ: ہندوستان سنگین معاشی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، بے روزگاری اور صنعتی شعبے کی زبوں حالی پر تشویش

نیویارک، 18 نومبر: کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان ایک سنگین معاشی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کمزوری اور تعلیمی نظام کے بنیادی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

منگل کے روز نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں منعقدہ ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے ہندوستان کی معاشی صورتحال کو ’’اقتصادی تباہی‘‘ سے تعبیر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ معاشی ماڈل تقریباً ایک دہائی سے مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے مرکزی حکومت کی اہم اسکیموں ’میک اِن انڈیا‘ اور ’اسٹارٹ اَپ انڈیا‘ پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ اقدامات ملک کے صنعتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتیں (ایس ایم ایز) اور زراعت ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور روزگار فراہم کرنے کے اہم ذرائع ہیں، لیکن ان شعبوں کو کمزور کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد روزگار کے مسائل سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف خدمات کا شعبہ ملک کی بڑی آبادی کو روزگار فراہم نہیں کرسکتا، اس لیے ہندوستان میں مینوفیکچرنگ اور صنعتی شعبے کو دوبارہ مضبوط بنانا ضروری ہے۔

نجی سرمایہ کاری میں کمی پر سوال اٹھاتے ہوئے راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک میں صرف چند بڑے کاروباری گھرانے، جن میں گوتم اڈانی اور مکیش امبانی کے کاروباری گروپس شامل ہیں، ترقی کررہے ہیں، جبکہ چھوٹے کاروبار مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دولت اور سیاسی طاقت چند ہاتھوں میں مرکوز ہوتی جارہی ہے، جس سے کسانوں، قبائلی برادریوں، دلتوں اور اقلیتوں کے مفادات متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے قبائلی زمینوں کے حصول اور جمہوری اداروں کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی۔

انتخابی اصلاحات کے موضوع پر راہول گاندھی نے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے انتخابات کی ساکھ بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔

کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے شواہد جمع کررہی ہے اور نظام کے اندر موجود بعض افراد بھی اب معلومات فراہم کرنے کے لیے آگے آرہے ہیں۔ تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ دباؤ بڑھنے پر حکومت جارحانہ ردعمل ظاہر کرسکتی ہے۔

امریکہ کی جانب سے امیگریشن پالیسیوں میں سختی اور ہندوستانی طلبہ پر اس کے اثرات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ملک کے بڑے چیلنجوں، بالخصوص بے روزگاری، زرعی بحران، صنعتی زوال اور مہنگے تعلیمی نظام کے مقابلے میں نسبتاً محدود ہے۔

امریکہ کے حالیہ وسط مدتی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مشکلات کو ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے جوڑا اور عالمی سطح پر امریکی اثر و رسوخ میں کمی کا دعویٰ کیا۔

موجودہ معاشی صورتحال پر تنقید کے باوجود راہول گاندھی نے ہندوستان کے مستقبل کے تعلق سے امید ظاہر کی، تاہم خبردار کیا کہ اگر ملک اسی معاشی راستے پر مزید پانچ سے دس سال چلتا رہا تو اسے سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں، لیکن انہیں تشویش ہے کہ ملک قیمتی وقت ضائع کررہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں