بھارت سمٹ‘ کے نام پر ’اینٹی بھارت سمٹ‘ منعقد کرنے کا الزام، راہول گاندھی اور اطالوی رہنما جیاکومو فلی بیک سمیت منتظمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا بی جے پی کا مطالبہ

حیدرآباد، 16 نومبر (پی ایم آئی): بی جے پی تلنگانہ کے ریاستی صدر این رام چندر راؤ نے حیدرآباد میں منعقدہ ’بھارت سمٹ‘ کے دوران ہندوستان کی خودمختاری اور جمہوری نظام کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے والے بیانات دینے پر اٹلی کے یوروپین سوشلسٹ پارٹی (PES) کے سکریٹری جنرل جیاکومو فلی بیک، کانگریس قائد راہول گاندھی اور کانفرنس کے منتظمین کے خلاف فوری فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں این رام چندر راؤ کی قیادت میں بی جے پی کے ایک وفد نے اتوار کی شام ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سے ملاقات کرتے ہوئے باضابطہ شکایت پیش کی۔ وفد میں ریاستی جنرل سکریٹریز ڈاکٹر این گوتم راؤ، ویرندر گوڑ، کسان مورچہ کے ریاستی صدر بسواپورم لکشمی نرسمہیا اور لیگل سیل کے ارکان شامل تھے۔

ڈی جی پی کو شکایت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رام چندر راؤ نے بتایا کہ بی جے پی نے اتوار کی صبح شمش آباد میں فارینرس ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO) کے عہدیداروں سے بھی شکایت کی تھی اور اب ریاستی ڈی جی پی سے ملاقات کرکے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کسی بھی ملک میں ویزا قوانین کے تحت آنے والے غیر ملکی شہری کو وہاں کے داخلی سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے یا حکومت کے خلاف سیاسی بیانات دینے کی اجازت نہیں ہوتی۔ تاہم، ان کے مطابق اٹلی سے تعلق رکھنے والے جیاکومو فلی بیک نے ہندوستان کی خودمختاری پر سوال اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی جمہوریت کی شبیہ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے والے قابل اعتراض بیانات دیے۔

انہوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور کانگریس قائد راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دونوں قائدین اسٹیج پر موجود ہونے کے باوجود انہوں نے غیر ملکی رہنما کو روکنے کی کوشش نہیں کی بلکہ اسے اظہار خیال کا موقع فراہم کیا۔

رام چندر راؤ نے امیگریشن اینڈ فارینرس ایکٹ 2025 کی دفعہ 23 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویزا شرائط کی خلاف ورزی اور ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونا قابل سزا جرم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں نہ صرف جیاکومو فلی بیک بلکہ مبینہ طور پر ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور اعانت کرنے والے منتظمین کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں۔

انہوں نے خصوصی طور پر کانگریس کے تھنک ٹینک سمجھے جانے والے ’سمردھی بھارت فاؤنڈیشن‘، کانفرنس کے شریک اسپانسر ’پروگریسیو انٹرنیشنل‘، بنگلورو کی کمپنی ’فیز ون‘ اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا الزام تھا کہ فیز ون نے اس پروگرام کی اسپانسرشپ کی تھی۔ انہوں نے اس پروگرام کے انعقاد کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر تلنگانہ حکومت کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بی جے پی صدر نے راہول گاندھی کو اس پورے معاملے میں اصل محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق فوجداری مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔

رام چندر راؤ نے سوال اٹھایا کہ اٹلی میں چار تا پانچ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے وابستہ جیاکومو فلی بیک کو ہندوستان آکر یہاں کے داخلی سیاسی معاملات پر تبصرہ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹلی کے بعض دیگر سیاسی قائدین نے بھی ان کے اس طرز عمل پر اعتراض کیا ہے۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے بعض غیر ملکی مندوبین نے ہندوستان میں داخلے کے لیے ’کانفرنس روم میٹنگ‘ میں شرکت کا بہانہ بنایا تھا۔ ان کے دعوے کے مطابق، ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ان کی مبینہ شمولیت سے متعلق اطلاعات ملنے کے بعد مرکزی حکومت نے پروازوں میں سوار ہونے سے قبل 115 افراد کے ویزے منسوخ کردیے تھے۔

رام چندر راؤ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’بھارت سمٹ‘ نہیں بلکہ ایک منظم ’اینٹی بھارت سمٹ‘ تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ راہول گاندھی کے تلنگانہ دورے کے موقع پر بی جے پی یوا مورچہ نے صرف چھ ضمانتوں، روزگار اور اسکالرشپس کے وعدوں پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا، لیکن بی جے پی نے کبھی غیر ملکی مندوبین کے سامنے اپنے ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی پی نے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ شکایت پر قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔ رام چندر راؤ نے انتباہ دیا کہ اگر ڈی جی پی کی جانب سے قانونی کارروائی نہیں کی گئی تو بی جے پی عدالتوں سے رجوع ہوکر مضبوط قانونی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک مخالف سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں