حیدرآباد، 16 نومبر (پی ایم آئی): کچھ عہدیدار ایسے ہوتے ہیں جنہیں عوام اپنے دلوں میں جگہ دیتی ہے۔ ان کی پہچان غیر جانب داری، انصاف پسندی اور قانون کی بالادستی ہوتی ہے۔ ایسے عہدیدار نہ صرف جرائم پیشہ عناصر اور سابقہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہیں بلکہ سود خوروں اور فنانسروں کی جانب سے عوام کو درپیش شکایات کا بھی سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مظلوموں کو انصاف دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
حیدرآباد شہر میں ایک فرض شناس پولیس افسر کے بحیثیت کمشنر پولیس عہدہ سنبھالنے کا عوامی حلقوں کی جانب سے خوشی اور مسرت کے ساتھ خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ یہ کوئی اور نہیں بلکہ حیدرآباد کے نئے پولیس کمشنر ڈاکٹر مہیش مرلی دھر بھگوت، آئی پی ایس ہیں۔ بالخصوص پرانے شہر کے عوام میں، بلا لحاظ مذہب و ملت، خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں امید ہے کہ اب ان کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا۔
عوام کو توقع ہے کہ پولیس اسٹیشنوں میں درمیانی افراد اور دلالوں کا اثر و رسوخ ختم ہوگا، سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو بدنام کرنے اور بلیک میل کرنے کے واقعات پر مؤثر کارروائی کی جائے گی اور حقیقی شکایات پر کسی بھی قسم کے لین دین یا سفارش کے بغیر، مناسب جانچ پڑتال کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ پولیس افسران کو بھی ان کی ذمہ داریوں کے سلسلے میں جوابدہ بنایا جائے گا۔
اسی طرح عوام کو بے وقوف بنانے والے نام نہاد عاملوں اور جادوگروں کی من مانی پر روک لگنے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور جھوٹی شکایات درج کرانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی توقع کی جا رہی ہے۔ پولیس اسٹیشنوں میں عرصہ دراز سے زیر التوا اور سرد خانے کی نذر ہونے والی شکایات کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
شہریوں کو امید ہے کہ نئے پولیس کمشنر کے دور میں شہر کو روڈی ازم، غنڈہ گردی اور جبری وصولی (ایکسٹارشن) جیسے مسائل سے نجات ملے گی اور شہریوں کے جائز حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔
پریس میڈیا آف انڈیا (PMI) کے مطابق نئے پولیس کمشنر ڈاکٹر مہیش مرلی دھر بھگوت سے عوام کی وابستہ امیدوں کی ایک اہم وجہ ان کی سابقہ پولیس خدمات اور عوام دوست طرزِ کار ہے۔ جب وہ ڈی سی پی ساؤتھ زون اور بعد ازاں شہر کے جوائنٹ کمشنر پولیس کے عہدوں پر فائز تھے، اس وقت انہوں نے غیر جانب داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے حیدرآباد کا نیا پولیس کمشنر مقرر ہونے پر مختلف عوامی حلقوں کی جانب سے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے رچہ کنڈہ کے پہلے پولیس کمشنر کی حیثیت سے تقریباً ساڑھے چھ سال تک نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس دوران ان کی کارکردگی کو کافی شہرت حاصل ہوئی، جبکہ جرائم میں ملوث افراد کو سزائیں دلانے کے سلسلے میں بھی ان کا کردار قابل ذکر رہا۔ (pressmediaofindia.com)


















