حیدرآباد: کمشنر سٹی پولیس وی سی سجنار نے منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لعنت اب اسکولی بچوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات مختلف اشکال، بالخصوص چاکلیٹ اور دیگر اشیاء کے ذریعے بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔
کمشنر پولیس نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں اور رویوں پر گہری نظر رکھیں۔ اگر بچوں کے مزاج یا عادات میں غیر معمولی تبدیلی محسوس ہو تو فوراً سنجیدگی کے ساتھ ان سے بات چیت کی جائے اور بروقت اصلاحی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ لاپرواہی کی صورت میں حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔
وی سی سجنار نے کہا کہ حیدرآباد پولیس شہر کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم کے تحت پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، تاہم اس مہم میں عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے منشیات کے خاتمے کی جدوجہد میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں تاکہ آنے والی نسل کو اس تباہ کن وباء سے محفوظ رکھا جا سکے۔


















