حیدرآباد، 6 مارچ-(پی ایم آئی) تلنگانہ حکومت نے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر غریب مسلم خاندانوں کی امداد کے لیے ملبوسات پر مشتمل رمضان گفٹ پیاکٹس ’’عید کا تحفہ‘‘ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست بھر میں تقریباً 2.66 لاکھ رمضان گفٹ پیاکٹس تقسیم کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے ریاست کی 813 مساجد میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے تحت ہر منتخب مسجد کو افطار اور ڈنر کے انتظامات کے لیے ایک لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے تاکہ روزہ داروں کے لیے بہتر انتظامات کیے جا سکیں۔
ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے رمضان گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس موقع پر غریب مسلم خاندانوں میں ’’عید کا تحفہ‘‘ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مستحق خاندانوں کی مدد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف اسمبلی حلقوں میں منتخب مساجد تک دو یوم کے اندر رمضان گفٹ پیاکٹس پہنچا دیے جائیں گے تاکہ مستحق افراد بروقت اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے 15 مارچ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں ایک بڑی دعوتِ افطار کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں تقریباً 6 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں پہلی مرتبہ رمضان گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا ہے، جس سے بڑی تعداد میں مستحق مسلم خاندان مستفید ہوں گے۔(پی ایم آئی)


















