حمایت ساگر کے قریب حملہ، مرتضیٰ پہلوان قتل

حمایت ساگر کے قریب حملہ، مرتضیٰ پہلوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکے

حیدرآباد 23نومبر (پی ایم آئی): راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے ہسٹری شیٹر محمد مرتضیٰ علی المعروف مرتضیٰ پہلوان پیر 23 نومبر کو حمایت ساگر روڈ کے قریب نامعلوم حملہ آوروں کے وحشیانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد دوران علاج فوت ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرتضیٰ پہلوان حمایت ساگر روڈ کے قریب واقع اپنی اراضی پر چند ساتھیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے کہ اسی دوران تقریباً 8 سے 10 افراد پر مشتمل ایک گروہ نے ان پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں۔

انہیں فوری طور پر عطاپور کے جرمنٹن ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبہ (آئی سی یو) میں شریک کیا گیا۔ تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

واقعہ کے بعد راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس اس پہلو سے بھی تفتیش کررہی ہے کہ آیا یہ حملہ سابقہ اراضی تنازعات یا گروہی دشمنی کا نتیجہ تو نہیں۔

مجرمانہ پس منظر اور سابقہ رقابتیں

مرتضیٰ پہلوان راجندر نگر پولیس کے ریکارڈ میں ہسٹری شیٹر کی حیثیت سے درج تھے اور ان کے خلاف مختلف مجرمانہ مقدمات درج تھے۔ مارچ 2015 میں میر عالم ٹینک کے قریب سید نثار حسین کے قتل کے معاملے میں کئی ماہ تک مفرور رہنے کے بعد جون 2015 میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ قتل اراضی تنازعات اور گروہی رقابتوں سے جڑا ہوا تھا۔

انہیں مبینہ طور پر مخالف گروہوں کی جانب سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔ دسمبر 2021 میں شمس آباد اسپیشل آپریشنز ٹیم نے روڈی شیٹر فاروق احمد کو مرتضیٰ پہلوان کو قتل کرنے کی مبینہ سازش اور آتشیں اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران مرتضیٰ پہلوان راجندر نگر اسمبلی حلقہ کی مقامی سیاست میں بھی سرگرم رہے۔ وہ پہلے بی آر ایس سے وابستہ تھے اور بعد ازاں انہوں نے دارالسلام میں مجلس قیادت سے ملاقات بھی کی تھی۔(pressmediaofindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں