حیدرآباد، 21 نومبر (نجف علی شوکت۔ پی ایم آئی): حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل سے سات روزہ نومولود بچی کے اغوا کے معاملے میں پولیس نے چھ ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اغوا کے 24 گھنٹوں کے اندر بچی کو بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے والدین کے حوالے کردیا۔ گرفتار شدگان میں مبینہ طور پر اس واردات کی اصل منصوبہ ساز خاتون بھی شامل ہے۔
س سلسلے میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی پی سکندرآباد زون رکشیتا مورتی نے بتایا کہ متاثرہ جوڑے کی شناخت سونی کماری اور ان کے شوہر امریش کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے، جن کا تعلق ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور سے ہے اور وہ فی الحال جواہر نگر میں مقیم ہیں۔ یہ جوڑا 13 نومبر کو زچگی کے سلسلے میں گاندھی ہاسپٹل پہنچا تھا۔

پولیس کے مطابق ہاسپٹل میں قیام کے دوران 19 نومبر کو ان کی ملاقات ایک خاتون سے ہوئی۔ 20 نومبر کو سونی کماری کو ہاسپٹل سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد جب یہ جوڑا ہاسپٹل کے داخلی دروازے کے قریب موجود تھا تو مذکورہ خاتون دوبارہ ان کے پاس پہنچی اور مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں بات چیت شروع کی۔
خاتون نے مبینہ طور پر جوڑے کو بتایا کہ چونکہ ان کے یہاں تیسری لڑکی پیدا ہوئی ہے، اس لیے وہ حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے مالی امداد حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ اس نے امدادی رقم دلانے کے لیے آدھار کارڈ کی تفصیلات ضروری قرار دیتے ہوئے اس کی نقل طلب کی۔
اسی دوران جب امریش کمار اپنا آدھار کارڈ حاصل کرنے کے لیے گئے تو خاتون مبینہ طور پر موقع پاکر نومولود بچی کو لے کر فرار ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کا ایک ساتھی ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل پر قریب ہی موجود تھا، جس کی مدد سے خاتون فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔

سماجی کارکن بن کر والدین کو دیا دھوکہ
پولیس نے اصل ملزمہ کی شناخت 43 سالہ سراگڈا ہیملتا کے طور پر کی ہے، جو مبینہ طور پر بوڈوپل میں خود کو سماجی کارکن ظاہر کرتی تھی۔ پولیس تحقیقات کے مطابق اس نے مبینہ طور پر اس بچی کو شیخ شمیمہ بیگم نامی خاتون کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جس کی کوئی اولاد نہیں تھی اور وہ بچہ گود لینے کی خواہش مند بتائی جاتی ہے۔
ہیملتا نے مبینہ طور پر بچی کا انتظام کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے شیخ شمیمہ بیگم سے فون پے کے ذریعے 50 ہزار روپے بطور پیشگی رقم حاصل کیے تھے۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ ملزمہ نے فوری رقم حاصل کرنے کی غرض سے مالی طور پر کمزور جوڑے کو نشانہ بنایا۔
گرفتار دیگر ملزمین کی شناخت شیخ رضوان (31)، محمد نسرین (39)، محمد جانی (42)، شیخ شمیمہ بیگم (35) اور محمد عمران (39) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے تیزی کے ساتھ تحقیقات کرتے ہوئے نومولود بچی کو بازیاب کرایا اور تمام چھ ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں بچی کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔


















