حیدرآباد: کانگریس کے قائدین نے ہفتہ کے روز ثناء نگر سے متعلق ایک وفد کی شکل میں تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن کی چیئرپرسن نریلا شاردا سے ملاقات کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کے خلاف شکایت درج کروائی۔ شکایت میں ٹی پی سی سی کی نائب صدر ڈاکٹر کوٹا نیلمہ کے خلاف مبینہ ریمارکس پر کارروائی کرنے کی اپیل کی گئی۔
کانگریس قائدین نے اپنی شکایت میں اویسی کے مبینہ ریمارکس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے ایک خاتون سیاسی رہنما پر ذاتی حملہ قرار دیا اور کہا کہ عوامی زندگی اور سیاسی مباحث میں اس طرح کے تبصرے ناقابل قبول ہیں۔
کانگریس قائدین نے کہا کہ ڈاکٹر کوٹا نیلمہ ثناء نگر کے علاقے میں خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے مسائل کو مسلسل اٹھاتی رہی ہیں اور ان طبقات کی آواز بن کر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر کسی خاتون رہنما کے خلاف ذاتی نوعیت کے ریمارکس کرنا عوامی زندگی میں خواتین کے وقار اور احترام کو متاثر کرتا ہے۔
کانگریس وفد نے خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں اسدالدین اویسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مناسب کارروائی کریں۔ اس کے علاوہ اویسی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے مبینہ ریمارکس واپس لیں اور ڈاکٹر کوٹا نیلمہ سے سرعام معذرت خواہی کریں۔
کانگریس قائدین نے زور دیا کہ خواتین کمیشن خواتین کے وقار کے تحفظ کو یقینی بنائے اور عوامی و سیاسی زندگی میں حصہ لینے والی خواتین کے ساتھ احترام کا برتاؤ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔


















