“تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کا افتتاح—ریونت ریڈی کا ریاست کو چین اور جا پان کی طرز پر عالمی ترقیاتی مرکز بنانے کا اعلان

تلنگانہ رائزنگ 2047 گلوبل سمٹ کا شاندار آغاز؛ چیف منسٹر ریونت ریڈی، گورنر جشنو دیو ورما اور مرکزی وزیر کشن ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 8 ڈ سمبر (پی ایم آئی) تلنگانہ رائزنگ 2047 گلوبل سمٹ کا آج شاندار آغاز ہوا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے سرکردہ صنعتکار، سفارتکار، سرمایہ کار اور پالیسی ماہرین شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب سے ریاست کے چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی، گورنر جشنو دیو ورما اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کلیدی خطابات کیے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا وژن 2047

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ جاپان، چین اور سنگاپور کی طرز پر تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت کا مقصد ریاست کو عالمی معیار کے ترقیاتی مرکز کے طور پر ابھارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 20 سال کے لیے ریاست کا ترقیاتی بلیو پرنٹ تیار کرلیا گیا ہے، جو سمٹ کے اختتام پر جاری کیا جائے گا۔

ریونت ریڈی نے بتایا کہ “بھارت فیوچر سٹی” میں منعقدہ اس سمٹ میں دنیا کے ممتاز سرمایہ کار، صنعتکار اور سفارتی نمائندے شرکت کر رہے ہیں جو ریاست کی اہلیت اور امکانات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے اور 2034 تک 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے ریاست کی ترقی میں نیتی آیوگ، انڈین اسکول آف بزنس اور مختلف اسٹیک ہولڈرس کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ہندوستان کی 2 فیصد آبادی کے باوجود ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں 5 فیصد حصہ ادا کررہا ہے۔

ریاست کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی

چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کو تیز کرنے حکومت انتظامی مرکزیت میں کمی لاتے ہوئے ریاست کو 3 ترقیاتی حصوں میں منقسم کرے گی اور مختلف شعبہ جات میں جامع اور ہدف بند ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ان رہنماؤں کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے سماجی انصاف اور معاشی ترقی کے سفر پر آگے بڑھ رہی ہے۔

گورنر جشنو دیو ورما کی ستائش

گورنر جشنو دیو ورما نے سمٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور “تلنگانہ تَلّی” کے ڈیجیٹل مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ خطاب میں انہوں نے خواتین، کسانوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت کے اقدامات کی بھرپور ستائش کی۔

گورنر نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاستوں میں شامل ہے، جہاں مضبوط انفراسٹرکچر، سرمایہ کار دوست ماحول اور شفاف طرزِ حکمرانی نے ریاست کی معاشی رفتار کو مستحکم کیا ہے۔

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا خطاب

اپنے خطاب میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد نہ صرف تلنگانہ کا دارالحکومت ہے بلکہ ہندوستان کی معاشی ترقی کا مضبوط ستون بھی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

کشن ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ ملک میں فارما انڈسٹری، آئی ٹی، موبائل فون مینوفیکچرنگ اور دیگر کئی شعبوں میں دوسرے مقام پر ہے اور ریاست کے موجودہ اقدامات اسے بہت جلد مختلف شعبہ جات میں نمبر ون بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سمٹ میں اہم شخصیات کی شرکت

افتتاحی تقریب میں نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی، ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک، کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار، ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایرک سویڈر، چیف سیکریٹری سنجے کمار، ڈی جی پی شیودھر ریڈی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

دو روزہ گلوبل سمٹ میں ملکی و غیر ملکی کاروباری ادارے، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور صنعتکار تلنگانہ کے ترقیاتی امکانات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔(pressmediaofindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں