پورنیہ’ بہار 8 نومبر(پی ایم آئی۔علی عباس جعفری)، ہفتہ — ہندوستان کے وزیرِ داخلہ امت شاہ نے بہار کے ضلع پورنیہ کے بنمانکھی قصبے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہل گاندھی پر شدید تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ اپوزیشن پارٹیاں ’’گھسپیٹیوں‘‘ کی حفاظت کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی اور لالو پرساد یادو کے بیٹے نے ’’گھسپیٹیا بچاؤ یاترا‘‘ شروع کی ہے، مگر بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے نے طے کر لیا ہے کہ نہ صرف سیمانچل بلکہ پورے بہار سے ہر ایک گھسپیٹیا کو نکال باہر کیا جائے گا۔
امت شاہ نے عوام سے سوال کیا: ’’کیا گھسپیٹیوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں؟‘‘ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ریاست کے نوجوانوں کی نوکریاں چھینتے ہیں، غریبوں کا راشن کھا جاتے ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے اعلان کیا کہ این ڈی اے حکومت آئندہ پانچ برسوں میں بہار سے تمام گھسپیٹیوں کا خاتمہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم صرف انہیں نکالیں گے ہی نہیں بلکہ ان کے غیر قانونی قبضوں کو بھی ختم کریں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ لالو یادو اور رابڑی دیوی کے 15 سالہ دورِ حکومت میں ’’جنگل راج‘‘ قائم تھا، جہاں لوٹ، قتل، عصمت دری اور اغوا عام تھے۔ لیکن نتیش کمار نے اس جنگل راج کا خاتمہ کیا۔
امت شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ معمولی سی بھی غلطی بہار کو دوبارہ جنگل راج میں دھکیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ترقی چاہتے ہیں یا بدعنوانی، افراتفری اور گھسپیٹیوں سے بھرا دور۔
قابلِ ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 65.08 فیصد کی تاریخی ووٹنگ درج کی گئی، جو ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ 11 نومبر کو 122 نشستوں پر ہوگی، جبکہ 14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔(pressmediaofindia.com)


















