بہار اسمبلی انتخابات: پہلے مرحلے میں 60.41 فیصد ووٹنگ، گزشتہ تین انتخابات کا ریکارڈ ٹوٹا

Bihar Assembly Elections: 60.41% Voter Turnout in First Phase, Breaks Record of Past Three Polls

پٹنہ، 6 نومبر(نمائیدہ خصوصی علی عباس۔ پی ایم آئی) بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شام 5 بجے تک 60.41 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ تین اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی جانب سے جاری کیے گئے۔

پہلے مرحلے میں ریاست کے 18 اضلاع کی 121 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ سب سے زیادہ ووٹنگ بیگوسرائے (67.32 فیصد) میں ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد گوپال گنج (64.96 فیصد) اور مظفرپور (64.63 فیصد) میں ووٹ ڈالے گئے، جبکہ پٹنہ ضلع میں 55.02 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔

دیگر اضلاع میں ووٹنگ کی شرح کچھ یوں رہی:
لکھی سرائے (62.76 فیصد)، مدھے پورہ (65.74 فیصد)، بھوجپور (53.24 فیصد)، بکسّر (55.10 فیصد)، دربھنگہ (58.38 فیصد)، کھگڑیا (60.65 فیصد)، منگر (54.90 فیصد)، نالندہ (57.58 فیصد)، سہرسہ (62.65 فیصد)، سمستی پور (66.65 فیصد)، سارن (60.90 فیصد)، شیخپورہ (52.36 فیصد)، سیوان (57.41 فیصد) اور ویشالی (59.45 فیصد)۔

اہم اسمبلی حلقوں میں رگھوپور میں 64.01 فیصد، مہوا میں 54.88 فیصد، الینگر میں 58.05 فیصد، ترپور میں 58.33 فیصد، چھپرا میں 56.32 فیصد، جبکہ بینکی پور میں سب سے کم 40 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔

پہلے مرحلے میں کئی اہم رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ ووٹروں نے کیا جن میں آر جے ڈی کے تیجسوی پرساد یادو، بی جے پی کے سمرات چودھری اور منگل پانڈے، جے ڈی(یو) کے شروَن کمار اور وجے کمار چودھری شامل ہیں۔ تیج پرتاپ یادو بھی اسی مرحلے میں انتخابی میدان میں ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں ہوئے تھے جن میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 125 نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ مہاگٹھ بندھن (ایم جی بی) کو 110 نشستیں ملی تھیں۔ بڑی جماعتوں میں جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 43، بی جے پی نے 74، آر جے ڈی نے 75 اور کانگریس نے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

اس بار پہلے مرحلے کی پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی، تاہم کچھ حساس حلقوں میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ووٹنگ 5 بجے ختم کر دی گئی۔ باقی 122 نشستوں پر دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔(ٰpressmediaofindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں