حیدرآباد 19کتوبر(نجف علی شوکت ۔ پی ایم آئی): تلنگانہ کے وزیراعلیٰ جناب اے۔ ریونت ریڈی 21 اکتوبر 2025ء بروز منگل کو گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی پولیس یومِ شہداء (Police Commemoration Day) کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام صبح 9:30 بجے شروع ہوگا اور وزیراعلیٰ تقریباً 10:00 بجے خطاب کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) جناب بی۔ شیوادھر ریڈی، آئی پی ایس نے ایک سرکاری اعلامیہ میں بتایا کہ پولیس یومِ شہداء کے سلسلے میں ریاست بھر میں 21 تا 31 اکتوبر 2025 تک مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ یہ سلسلہ یومِ قومی اتحاد (National Unity Day) پر اختتام پذیر ہوگا، جو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یومِ شہداء کی اہمیت
یہ دن ان دس سی آر پی ایف جوانوں کی قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے 21 اکتوبر 1959ء کو ہاٹ اسپرنگس، لداخ میں چینی فوج کے حملے کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان جوانوں کی قیادت سب انسپکٹر کرم سنگھ نے کی تھی۔ اس دن کو ہر سال ملک بھر کے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
اس سال 191 پولیس اہلکار ملک بھر میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے ہیں جن میں پانچ تلنگانہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پروگرام کی جھلکیاں
دس روزہ تقاریب میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں جن کا مقصد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور عوامی آگاہی پیدا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کا پروگرام: 21 اکتوبر کو گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں باوقار پریڈ ہوگی جس کے بعد وزیراعلیٰ ریونت ریڈی تقریب سے خطاب کریں گے۔
کتابچہ برائے شہداء: “تلنگانہ سورکشا” کے زیر اہتمام ایک خصوصی کتابچہ شائع کیا جائے گا جس میں پچھلے سال شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔
عوامی آگاہی مہمات: ریاست بھر میں شہداء کی یاد میں پوسٹرز، بینرز اور ہورڈنگز نصب کیے جائیں گے۔
اوپن ہاؤس پروگرام: اسکولوں، کالجوں اور سماجی تنظیموں کے طلباء کو پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرایا جائے گا جہاں وہ پولیس کے مختلف اقدامات جیسے فرینڈلی پولیسنگ، چہرہ شناخت نظام، سی سی ٹی وی نیٹ ورک، شی ٹیمز، بھروسہ سنٹرز، اور بیٹ پولیسنگ سے متعلق معلومات حاصل کریں گے۔
طلباء کے لیے مضمون نویسی مقابلے: تلگو، اردو اور انگریزی میں مضمون نویسی کے مقابلے منعقد ہوں گے جن کے موضوعات میں شامل ہیں:
منشیات کا خطرہ: پولیس کا کردار اور طلباء کا منشیات سے دور رہنے کا عزم
ضلعی سطح پر تین بہترین مضامین کو انعامات دیے جائیں گے اور منتخب تحریریں تلنگانہ پولیس فیس بک پیج پر شائع کی جائیں گی۔
شارٹ فلم اور فوٹوگرافی مقابلے: پولیس خدمات کو اجاگر کرنے والی تین منٹ تک کی مختصر فلمیں اور تصاویر طلب کی جائیں گی۔ بہترین اندراجات پر ریاستی سطح پر انعامات اور اسناد دی جائیں گی۔
پولیس’ملا زمین کے لیے مضمون نویسی:
زمرہ 1: اے آر ایس آئی، اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز — موضوع: کام کی جگہ پر صنفی امتیاز
زمرہ 2: سب انسپکٹر اور اس سے بالا عہدے — موضوع: زمینی سطح کی پولیسنگ کو مضبوط بنانا
شہداء کے اہلِ خانہ کو خراج: 22 تا 24 اکتوبر کے دوران سینئر افسران ریاست بھر میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے، ان کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے اور ان کے آبائی مقامات پر مجسموں یا تصاویر پر پھول چڑھائیں گے۔
بلڈ ڈونیشن کیمپس: پولیس جاگروتی، پولیس کلا برنڈم اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے خون کے عطیے کے کیمپس منعقد کیے جائیں گے۔
سائیکل ریلیاں: 25 تا 27 اکتوبر کے دوران طلباء اور نوجوانوں کی شرکت سے امن و اتحاد کے پیغام پر مبنی سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی۔
پولیس بینڈ کی پرفارمنس: پولیس بینڈ اور ثقافتی ٹیمیں عوامی مقامات جیسے ٹینک بنڈ پر موسیقی اور ثقافتی پروگرام پیش کریں گی تاکہ پولیس کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔
عوام سے اپیل
تلنگانہ پولیس نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پولیس شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھا جا سکے اور امن، اتحاد اور عوامی سلامتی کے عزم کو مضبوط کیا جا سکے۔
یہ دن ان بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ریاست میں امن و امان کو قائم رکھا۔(pressmediaofindia.com)