Shia Civil Council for Social Justice has appealed to the President of India to intervene in the Telangana MLC nomination issue
حیدرآباد، 21 ستمبر (پی ایم آئی): شعیہ سول کونسل برائے سوشیل جسٹس نے صدرِ جمہوریہ ہند سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ کے گورنر اور ریاستی حکومت کی جانب سے عدالت کے حکم کی تعمیل نہ کرنا ’’سنگین آئینی بددیانتی‘‘ ہے۔ یہ معاملہ گورنر کوٹے کے تحت قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کی نامزدگی سے متعلق ہے۔
کونسل نے اپنی نمائندگی میں نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ آف تلنگانہ کے واضح اور پابند احکامات کے باوجود اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ سپریم کورٹ نے 26 مئی 2025 کو (رٹ پٹیشن نمبر 451/2025) اور ہائی کورٹ نے (رٹ پٹیشن نمبر 4610/2024 اور 30028/2024) میں گورنر اور ریاستی حکومت کو نامزدگی پر کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود تعمیل نہیں ہوئی۔ اس معاملے میں ایک اور مقدمہ (رٹ پٹیشن نمبر 26129/2025) 24 ستمبر کو فیصلے کے لئے درج ہے۔
کونسل نے کہا کہ حکام کی یہ بے عملی عدلیہ کے وقار اور قانون کی حکمرانی پر کاری ضرب ہے جو عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے ساتھ جمہوریت اور وفاقیت کی روح کو بھی متاثر کرتی ہے۔
کونسل کے ڈائریکٹر و نیشنل صدر ہدایت علی مرزا اور نیشنل کنوینر سید حیدر رضا نقوی نے الزام عائد کیا کہ گورنر اور تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے صدرِ جمہوریہ سے اپیل کی کہ وہ بطور آئینی سربراہ مداخلت کریں، عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ذمہ داروں کے خلاف آئینی کارروائی پر غور کریں۔
شعیہ سول کونسل برائے سوشیل جسٹس تلنگانہ اسٹیٹ کے صدر سید اصغر علی خاں اصغر نواب نے ملک کے جمہوری و آئینی نظام پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ انصاف، جمہوریت اور آئینی حکمرانی کا تحفظ ہو