تلنگانہ : انٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی کو نیا ڈی جی پی مقرر کئے جانے کا قوی امکان

حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (پی ایم آئی):تلنگانہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) کے عہدہ پر نئے تقرر کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں کیونکہ موجودہ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر کی میعاد اس ماہ کے آخر میں ختم ہورہی ہے۔ حکومت نے جانشین کے انتخاب اور پولیس محکمے میں اعلیٰ سطحی ردوبدل کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امکانی ڈی جی پی کے نام کے ساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی ذمہ داریوں کی تبدیلی کے سلسلے میں وزراء اور مشیروں سے مشاورت کی ہے۔ حکومت کا مقصد جرائم اور منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

انٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی کو نیا ڈی جی پی مقرر کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد انہیں چیف منسٹر کا قریبی اور بااعتماد افسر قرار دیتے ہوئے انٹلیجنس محکمہ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ان کی سنیاریٹی اور نمایاں خدمات کے پیش نظر انہیں حکومت کی اولین ترجیح بتایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی ردوبدل میں چند اہم تقررات متوقع ہیں:آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار کو انٹلیجنس چیف بنایا جاسکتا ہے۔حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند کو ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت کو حیدرآباد کا نیا پولیس کمشنر بنایا جاسکتا ہے۔اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا کو ویجلنس کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔

ڈائرکٹر جنرل جیل ڈپارٹمنٹ سومیا مشرا کو ہوم سکریٹری کے عہدہ پر فائز کئے جانے کا امکان ہے۔سائبرآباد کمشنر اویناش موہنتی کو بھی اہم ذمہ داری دیئے جانے کی توقع ہے۔اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے، جس کی بنیاد پر نئی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے تینوں کمشنریٹس اور اضلاع میں کمشنرس و ایس پیز کے تبادلے بھی متوقع ہیں۔

امید کی جارہی ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نئے ڈی جی پی کے تقرر اور پولیس محکمے میں بڑے پیمانے پر ردوبدل سے متعلق اہم فیصلے کریں گے۔(PMI)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں