حیدرآباد: ابراہیم پٹنم میں زمین کے جھگڑے پر جھڑپ، ایک ہلاک، چار زخمی

حیدرآباد، 1 ستمبر – دندومیلارم گاؤں (ابراہیم پٹنم) میں زمین کے پرانے جھگڑے نے اتوار کو خونی شکل اختیار کرلی، جس میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ تنازعہ 18 ایکڑ زرعی زمین پر ہے جو جی. جنگیاہ کی ملکیت تھی اور برسوں سے ان کے چار بیٹوں کے درمیان اختلافات کی وجہ بنی ہوئی تھی۔ پولیس کی جانب سے زمین میں داخلے پر پابندی کے باوجود نرسمہا اور یادیاہ کے اہل خانہ مبینہ طور پر دھان کی کاشت کے لیے کھیت میں داخل ہوگئے۔ جب ملاّیا اور جنگیاہ کے افراد نے اس کی مخالفت کی تو معاملہ پرتشدد تصادم میں بدل گیا۔

جھڑپ کے دوران 36 سالہ بالراج کو تیز ہتھیاروں سے قتل کردیا گیا، جبکہ اس کے بھائی دھن راج اور وینکٹ راج، اور بھابھیاں پوانی اور منجولا زخمی ہوگئیں۔ منجولا کو پیٹ میں سنگین زخم آئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعہ کے بعد بالراج کے رشتہ داروں نے ابراہیم پٹنم کے سرکاری اسپتال کے سامنے احتجاج کیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے علاقے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے گاؤں میں پولیس پیٹکٹس تعینات کردیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں