راچاکونڈہ کے بجائے فیوچر سٹی اور ملکاجگیری کو نئے پولیس کمشنریٹس کے طور پر قائم کیا گیا ہے

حیدآباد 29 ڈسمبر (پی ایم آئی): تلنگانہ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی توسیع کے پیش نظر شہر کے پولیس نظام میں بڑی تنظیمِ نو کرتے ہوئے فیوچر سٹی اور ملکاجگیری کے نام سے دو نئے پولیس کمشنریٹس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس تنظیمِ نو کے بعد موجودہ تین پولیس کمشنریٹس — حیدرآباد، سائبرآباد اور راچاکونڈہ — کو ازسرِنو ترتیب دے کر چار پولیس کمشنریٹس بنا دیے گئے ہیں۔ سابقہ راچاکونڈہ پولیس کمشنریٹ کو تقسیم کرتے ہوئے فیوچر سٹی اور ملکاجگیری کے نئے کمشنریٹس قائم کیے گئے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق پیر کی رات جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی، سیکریٹریٹ، بیگم پیٹ، شمس آباد ایئرپورٹ اور بدویل ہائی کورٹ کو اب حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے دائرۂ اختیار میں شامل کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جس کے تحت 27 شہری بلدیاتی اداروں کو جی ایچ ایم سی میں ضم کیا گیا ہے، جس سے اس کا رقبہ 625 مربع کلومیٹر سے بڑھ کر 2,000 مربع کلومیٹر سے زائد ہو گیا ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ کے اندر واقع بلدیات کو شامل کرتے ہوئے کور اربن ریجن (CURE) تشکیل دیا گیا ہے۔ توسیع شدہ جی ایچ ایم سی کو 12 زونس، 60 سرکلز اور 300 وارڈس میں منظم کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق پولیس کمشنریٹس کی یہ تنظیمِ نو عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی، امن و امان کے مؤثر قیام اور جرائم پر قابو پانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔
نئے دائرۂ اختیار کے تحت سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں گچی باؤلی، فنانشل ڈسٹرکٹ، نانکرم گوڑہ، مادھاپور، رائدُرگ کے علاوہ صنعتی علاقے پٹان چیرو، جینوم ویلی، آر سی پورم اور امین پور شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیسارا، شامیرپیٹ، قطب اللہ پور اور کمپلی کے علاقے بھی سائبرآباد کے تحت آئیں گے۔
بھونگیر، جو پہلے راچاکونڈہ کے تحت تھا، اب ایک علیحدہ پولیس یونٹ بنا دیا گیا ہے، اور یادادری بھونگیر ضلع کے لیے ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مقرر کیا گیا ہے۔
نیا قائم ہونے والا فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ چیویلا، موئن آباد، شنکرپلی، مہیشورم اور ابراہیم پٹنم جیسے علاقوں پر مشتمل ہوگا۔
29 دسمبر کو جاری کردہ حکومتی احکامات کے مطابق، سابق راچاکونڈہ پولیس کمشنر سُدھیر بابو کو فیوچر سٹی کا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سابق سائبرآباد پولیس کمشنر اویناش موہنتی کو ملکاجگیری پولیس کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ایم رمیش کو نیا سائبرآباد پولیس کمشنر بنایا گیا ہے، جبکہ اکشنش یادو کو یادادری بھونگیر ضلع کا ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔


















