حضرتہ فاطمہ الزہرا کی تعلیمات پر عمل کی تلقین’’دہلی میں مختار عباس نقوی اور میر فراست علی باقری کا خطاب

حیدرآباد۔24جنوری۔(پریس نوٹ) جگر گوشہ رسول ٰ حضرتہ خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہرا  کی ولادت باسعادت کے موقع پر دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی  مرکزی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ خواتین اگر حضرت  بی بی فاطمہ  کی پیروکار بن جائیں تو گھر جنت کا گہوارہ بنا سکتی ہے۔  مسلم خواتین کیلئے رول ماڈل خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ تعالی عنہا ہیں جن کی سیرت قابل تقلید ہے۔حضور پاک علیہ الصلوات والسلام نے عورت کے تینوں روپ امر کردیئے۔ اپنی ماں کی محبت میں اس زمانے کی ہر عورت کو اتنی تعظیم و تکریم دی کہ چشمِ فلک حیران رہ گئی۔ اپنی محبوب بیوی سیدہ خدیجہ الکبری رضی اللہ تعالی عنھا کو ان الفاظ میں اپنی محبت کا خراج ادا کیا کہ وہ میری محسنہ تھی۔ کون ہے جو اپنی بیوی کے لئے اتنی محبت و سرشاری سے یہ جملہ کہنے کا حوصلہ رکھتا ہو۔ شفقتِ پدری اتنی کہ اپنی پیاری بیٹی سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ تعالی عنھا کی تکریم میں اپنی چادر اپنے کاندھوں سے اتارتے زمیں پر بچھاتے اور پیار سے ان کے ماتھے پر بوسہ دیتے انہیں اس پر بٹھاتے۔ اس عزت و احترام سے اپنی بیٹی کو کس نے نوازا ہے جبکہ یہ عزت و احترام پھول میں خوشبو کی طرح ہر باپ کے دل میں بیٹی کے لئے لازم ہے۔سینئر بی جے پی قائد تلنگانہ میر فراست علی باقری نے کہا کہ آج حضرتہ فاطمہ الزہرا  کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے اسی میں خواتین کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے حضرت بی بی فاطمہ الزہرا  کا کردار نمونہ عمل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں