ایران کا لبنانی نژاد امریکی شہری کو جیل سے رہا کرنے کا فیصلہ

ایران کا لبنانی نژاد امریکی شہری کو جیل سے رہا کرنے کا فیصلہ
تہران،۔
ایرانی حکومت نے جاسوسی کے الزام میں قید ایک لبنانی نژاد امریکی کو لبنانی صدر میشل عون کی اپیل پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گرفتار نزار زکا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں تہران کی طرف سے مصدقہ خبر دی گئی کہ زکا کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کی رہائی کے لیے ایرانی سیکیورٹی ادارے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔نزار زکا کے اہل خانہ نے لبنان سے ٹیلیفون پر ‘العربیہ ڈاٹ نیٹ’ کو بتایا کہ جلد ہی ان کے بیٹے کو ایرانی جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔
قبل ازیں ایرانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ لبنانی نژاد امریکی نزار زکا کو لبنانی صدر میشل عون کی درخواست پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ‘ایلنا’ نے ‘نور نیوز’ ویب سائٹ کے حوالے سے خبر دی تھی کہ لبنانی صدر نے ایران میں قید بعض قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔ ان میں نزار زکا بھی شامل ہیں جنہیں ایران میں جاسوسی کے الزام میں قید کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایرانی حکام نے لبنانی صدر کی اپیل کا مثبت جواب دیتے ہوئے نزار زکا کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف امریکا اور ایران ایک دوسرے کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔ امریکا نے اپنی فوج اور جنگی جہاز مشرق وسطیٰ پہنچا دیئے ہیں۔ایرانی پولیس نے نزار زکا کو نومبر 2015ء کو تہران سے حراست میں لیا تھا۔ ان پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کے لیے جاسوسی کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔ایرانی ٹی وی چینل کے مطابق نزار زکا کو امریکی انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مصدقہ رابطوں کے بعد حراست میں لیا گیا۔ایران میں گرفتار ہونے کے بعد نزار زکا نے لبنان کے شہر طرابلس میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔اپریل 2019ء کو زکا نے ’’العربیہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے لبنانی عوام سے طرابلس کے مقامی انتخابات میں اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں