خانۂ کعبہ میں امام علیؑ کی ولادت: ایک بے مثال الٰہی معجزہ ’’شیعان علی کو مرکزی انجمن کے صدر نجف علی شوکت کی مبارک باد‘‘

حیدرآباد، 2 جنوری (پی ایم آئی)مرکزی انجمنِ ماتمی گروہان کے صدر جناب نجف علی شوکت نے امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر عالمِ اسلام کے تمام مؤمنین و مؤمنات کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ آپؑ وہ واحد ہستی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس گھر، خانۂ کعبہ، میں ولادت کا شرف عطا فرمایا۔مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں، جب انسانیت فکری انتشار اور اخلاقی زوال کا شکار ہے، امام علیؑ کی تعلیمات اور اقوال انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور ہدایت کا ذریعہ ہیں۔ اللہ کے گھر میں ولیٔ خدا کی ولادت ایک عظیم فضیلت ہے، اور یہ اعزاز قیامت تک کسی اور کو نصیب نہیں ہوگا۔
مرکزی انجمن کے صدر نے کہا کہ درحقیقت امام علیؑ کی خانۂ کعبہ میں ولادت، خود کعبہ کے لیے باعثِ شرف و افتخار ہے، کیونکہ وہ عالمِ خلقت کے یکتا گوہر اور امیرِ ہستی کے لیے گہوارہ بنا۔ یہ عظیم الٰہی معجزہ 13 رجب المرجب کو رونما ہوا، جب مولائے کائناتؑ کی ولادت سے دنیا منور ہوئی۔(پریس میڈیا آف انڈیا )

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں