حضرت قاسم ابن حسنؑ کی فضیلت
حضرت امام حسینؑ نے اپنے محبوب بھتیجے حضرت قاسم ابن حسنؑ سے فرمایا:
“میرے عزیز! تم موت کا ذائقہ کیسا محسوس کرتے ہو؟”
حضرت قاسمؑ نے جواب دیا:
“احلی من العسل” — شہد سے بھی زیادہ شیرین۔
یہ جواب حضرت قاسمؑ کے بے مثال ایمان، قربانی اور محبت کا مظہر ہے۔ باوجود اپنی کم عمر کے، ان کا دل اللہ اور امام حسینؑ سے کامل عقیدت اور وفاداری سے بھرا ہوا تھا۔ ان کے نزدیک حق کی راہ میں شہادت کوئی نقصان نہیں بلکہ سب سے بڑی عزت اور روحانی شیرینی تھی۔
ان کے یہ کلمات آج بھی قربانی، استقامت اور ایمان کی فتح کی علامت ہیں اور نسلوں کو عدل و حق کے لئے ثابت قدم رہنے کی تحریک دیتے ہیں۔
حیدرآباد، 28 دسمبر (پی ایم آئی):دنیا بھر میں شہرِ ولائے علیؑ و عزائے حسینؑ کے حوالے سے اپنی منفرد شناخت رکھنے والے ہندوستان کے تاریخی شہر حیدرآباد میں شیعہ قوم کی معروف و فعال تنظیم ایلیا تھیالوجیکل اسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام شہزادۂ قاسم ابنِ حسن علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کی 1400 ویں سالگرہ کے موقع پر چہاردہ صد سالہ جشنِ ولادت بعنوان’’نو شاہِ کربلا، شہزادہ قاسم ابنِ حسنؑ‘‘کا اہتمام کیا گیا ہے۔
یہ پُرنور اور روح افزا تقریب 8 رجب، 29 دسمبر کو رات 8:30 بجے بمقام حسینیہ نواب عنایت جنگ بہادر منعقد ہوگی۔جشنِ ولادت سے مولانا سید لقمان حسین موسوی خصوصی خطاب فرمائیں گے، جبکہ علامہ اعجاز فرخ اس بابرکت محفل کی نظامت انجام دیں گے۔
محفل کا آغاز غلام مرتضیٰ حسین کی پُرخلوص تلاوتِ حدیثِ کسا سے ہوگا۔بعد ازاںمیر مومن علی قیصر، صمصام علی اور سید حسین عابدی قصیدہ خوانی کریں گے، جبکہ مولانا حیدر زیدی، مرحوم علامہ اختر زیدی (آفتابِ دکن) کا منتخب کلام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کریں گے۔
اس مقدس محفل میں منتخب و مدعو نامور شعرائے کرم رشید شہیدی، میر محمد علی وفا، ممتاز دانش، حسن عباس احسن، علمدار رضوی، سجاد نظر، فراز رضوی، علی انجم صادق، علی محسن خان، امیر علی امیر، عباس آفندی، علی جوّاش شہپر، مجاہد علی ظفر، جعفر علی اجمل اور یاور علی یاوربارگاہِ شہزادۂ قاسم علیہ السلام میں اپنے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔جشن کے اختتام پر شرکائے محفل میں یادگاری تبرک تقسیم کیا جائے گا۔اس موقع پر ایلیا تھیالوجیکل اسوسی ایشن کے اراکین نے تمام اہلِ ولایت اور بارگاہِ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف میں تہنیت و مبارکباد پیش کرتے ہوئے مومنینِ کرام سے اس نورانی اور روح پرور محفل میں شرکت کی پرخلوص اپیل کی ہے۔ٰ(pressmediaofindia.com)


















