ہندوستان کیخلاف پاکستان کو اپنے 5 کھلاڑیوں پر بھروسہ


دبئی ۔21 مئی- ورلڈ کپ 2019 کا آغاز30 مئی کو ہورہا ہے۔ اس مرتبہ یہ ورلڈکپ ٹورنمنٹ انگلینڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل ہی پوری دنیا کے عظیم کرکٹروں کی پیش قیاسیاں جاری ہیں اور ہرکوئی اپنے لحاظ اورنقطہ نظرسے ٹیموں کومضبوط اورورلڈکپ خطاب کا مضبوط دعویدارقراردے رہا ہے۔ تاہم اس ٹورنمنٹ کا سب سے اہم اوردلچسپ میچ دو حریف ٹیموں کے درمیان ہوگا، وہ ہیں ہندوستان اورپاکستان کے درمیان ہوگا۔ ہندوستان اورپاکستان کے اعدادوشمارکو دیکھاجائے توپاکستان پرہندوستانی ٹیم ہمیشہ بھاری رہی ہے، لیکن اس مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے انتظامیہ کو امید ہے کہ مقابلے میں نتیجہ کچھ حیرت انگیزہوسکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ورلڈ کپ تاریخ میں 6 مقابلے ہوئے ہیں اورہرمرتبہ پاکستان کوشکست برداشت کرنے پڑی ہے جبکہ موجودہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 16 جون کو دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی لیکن اس مرتبہ انتظامیہ کو امید ہیکہ پاکستان کے یہ پانچ کھلاڑی تاریخ بدل سکتے ہیں۔فخرزمان پاکستان کے لئے ڈبل سنچری لگانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔ پاکستانی اوپنر29 سالہ فخرزمان کے بیٹ سے جم کررنز نکل رہے ہیں۔ اب تک 35 ونڈے میں 52.96 کی اوسط سے 1642 رنز بنانے والے اس کھلاڑی کے نام 4 سنچریاں ہیں، جس میں گزشتہ سال جولائی میں بلاوایو میں زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری (210 ناٹ آوٹ) بھی شامل ہے۔ فخرزمان یہ کارنامہ انجام دینے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جبکہ ہندوستان کے خلاف انہوں نے تین میچوں میں 145 رنز (اوسط 48.33، سب سے زیادہ اسکور114 رن ) بنائے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نام امام الحق کا ہے جنہوں نے جب انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا تب وہ پاکستان کے سابق عظیم بیٹسمین انضمام الحق کے بھتیجے کے طورپرجانے جاتے تھے لیکن اس 23 سال کے نوجوان نے اب تک کھیلے 28 ونڈے میچوں میں 60.30 کی اوسط سے1387 رن بناکراپنی خود کی پہچان بنالی ہے۔ امام الحق نے اب تک 6 سنچریاں لگائی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف برسٹل ونڈے میں 151 رنوں کی شانداراننگز کھیلی تھی، جوکہ ان کا سب سے بڑا اسکورہے۔ حالانکہ ہندوستان کے خلاف اس کھلاڑی نے دومیچوں میں صرف 12 رنز ہی بنائے ہیں۔ تیسرے کھلاڑی بابر اعظم ہے ۔ بابر اعظم نے حال ہی میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 115 رنوں کی شانداراننگز کھیل کراپنا جلوہ دکھایا ہے۔ 25 سالہ بابراعظم نے ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 115 رنوں کی شانداراننگ کھیل کراپنا دم دکھایا ہے اور اب تک وہ 63 میچوں میں 51.13 کی اوسط سے 2659 رن بناچکے ہیں، جس میں 9 سنچریاں شامل ہیں۔ ہندوستان کیخلاف انہوں نے چارمیچوں میں 110 رنز (سب سے زیادہ 47) رن بنائے ہیں، لیکن اس ورلڈکپ میں بابر پاکستان کے لئے اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔بیٹنگ کے بعد بولنگ میں شاداب خان کی اسپن ہندوستانی بیٹسمینوں کے لئے چیلنج بن سکتی ہے۔ لیگ اسپنر20 سالہ شاداب خان نے اب تک 34 ونڈے میچوں میں 27.74 کی اوسط سے 47 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا ہے۔ شاداب خان نے ہندوستان کے خلاف بھی چارمیچ کھیلے ہیں اوراس دوران ان کی کارکردگی کوئی خاص نہیں رہی تھی۔ تب وہ 43 کی اوسط سے چاروکٹ ہی حاصل کرسکے ۔ تاہم موجودہ حالات میں ان کی اسپن ہندوستانی بیٹسمینوں کے لئے چیلنج بن سکتی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی رفتار ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتی ہے۔13 ونڈے میچوں میں 26.55 کی اوسط سے 20 وکٹ حاصل کئے ہیں 19 سالہ یہ نوجوان ہندوستانی بیٹسمینوں کوپریشان کرسکتا ہے –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں