
سڈنی /14ڈسمبر(پی ایم آئی) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف بونڈائی بیچ پر منعقدہ ایک یہودی کمیونٹی تقریب کے دوران دو مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ آسٹریلوی حکام نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے تقریب میں شریک افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو مقابلے میں ہلاک کر دیا، جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بونڈائی بیچ اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر تلاشی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام نے کہا ہے کہ فی الحال عوام کے لیے کوئی مزید خطرہ نہیں، تاہم شہر بھر میں خاص طور پر مذہبی اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
اعلیٰ حکام نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ واقعے کے محرکات اور ممکنہ انتہاپسندانہ روابط کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔


















