نظام آباد:/18اکتوبر( پی ایم آئی) نظام آباد میں جمعہ کی رات ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جب پیشہ ور چور شیخ ریاض نے IV ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل ای۔ پرمود پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران سب انسپکٹر وٹھل بھی زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق، CCS پولیس نے ریاض کو گرفتار کر کے کانسٹیبل پرمود کی نگرانی میں موٹر سائیکل کے ذریعے IV ٹاؤن پولیس اسٹیشن لے جایا۔ راستے میں ونائیک نگر کے قریب ریاض نے پرمود پر چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہو گیا۔ زخمی کانسٹیبل کو سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔
پرمود کی آخری رسومات خصوصی سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی گئیں۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیا، IGP چندر شیکھر ریڈی اور دیگر اہلکاروں نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔

پولیس نے قاتل شیخ ریاض کی اطلاع دینے والے کے لیے 50,000 روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی معلومات کی صورت میں فوری پولیس کو اطلاع دیں۔ کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ زخمی یا متاثرہ افراد کی مدد فوراً کریں اور موقع پر ویڈیو یا تصاویر بنانے میں وقت ضائع نہ کریں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 8 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور کارروائی جاری ہے۔(Pressmediaofindia.com)
















