نظام آباد/18′ اکتوبر( پی ایم آئی) : تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) بی شیوادھر ریڈی نے نظام آباد سی سی ایس یونٹ میں خدمات انجام دے رہے کانسٹیبل ای پرمود کے بہیمانہ قتل پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فرض شناس اور دیانت دار پولیس اہلکار پرمود کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق، گاڑیوں کی چوری اور چین اسنیچنگ کے مقدمات میں ملوث شیخ ریاض نامی ملزم کو پولیس اسٹیشن لاتے وقت، اس نے اچانک چاقو سے حملہ کر کے کانسٹیبل پرمود کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
ڈی جی پی شیوادھر ریڈی نے نظام آباد پولیس کمشنر کو ہدایت دی کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے آئی جی پی ملٹی زون–1 چندرشیکھر ریڈی کو جائے واردات کا معائنہ کرنے اور حالات کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔
ڈی جی پی نے مزید ہدایت دی کہ مرحوم کانسٹیبل کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انہیں دلاسہ دیا جائے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر تفتیش اور تلاش کا عمل جاری ہے اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔(Pressmediaofindia.com)