DIG Harcharan Singh Bhullar Arrested in Bribery Case; ₹7.5 Crore Cash, Gold and Luxury Watches Seized
چنڈی گڑھ، 18 اکتوبر (پی ایم آئی):مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی روپڑ رینج ہرچرن سنگھ بھلر کو رشوت خوری کے ایک سنگین مقدمے میں گرفتار کرلیا۔ ان کے ساتھ ان کے مبینہ دلال کرسنو، جو پنجاب کا رہائشی ہے، کو بھی حراست میں لیا گیا۔ دونوں کو جمعہ کے روز سی بی آئی کی خصوصی عدالت، چنڈی گڑھ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ عدالتی حراست (جوڈیشل کسٹڈی) میں بھیج دیا۔
سی بی آئی کے مطابق، ڈی آئی جی بھلر اور ان کے دلال پر الزام ہے کہ انہوں نے فتح گڑھ صاحب کے ایک اسکریپ ڈیلر سے 8 لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی۔ کارروائی کے دوران دونوں کو موہالی سے گرفتار کیا گیا۔ اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سی بی آئی نے پنجاب اور چنڈی گڑھ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے، جن میں بھاری مقدار میں نقدی، سونا، قیمتی گھڑیاں اور جائیداد کے کاغذات برآمد ہوئے۔
چنڈی گڑھ میں واقع ڈی آئی جی بھلر کی رہائش گاہ سے تقریباً 7.5 کروڑ روپے نقد، 2.5 کلوگرام سونا، رولیکس اور راڈو برانڈ کی 26 لگژری گھڑیاں، 50 سے زائد جائیدادوں کے کاغذات (بعض بے نامی اور مشتبہ ناموں پر)، متعدد بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، چار لائسنس یافتہ ہتھیار اور 100 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ اسی دوران سمرالا میں واقع فارم ہاؤس سے 108 مہنگی شراب کی بوتلیں، 5.7 لاکھ روپے نقد اور 17 کارتوس بھی ضبط کیے گئے۔
دلال کرسنو کے گھر سے 21 لاکھ روپے نقدی اور کئی مشتبہ دستاویزات برآمد ہوئیں۔ سی بی آئی کے مطابق، برآمد شدہ سامان، سونا، نقدی اور دستاویزات کی تفصیلی جانچ جاری ہے اور تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔