نئی دہلی 28اپریل :پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ویزوں کی منسوخی کی وجہ سے 1,000 سے زیادہ ہندوستانی پچھلے چھ دنوں میں واگھہ بارڈر کے راستے پاکستان سے ہندوستان لوٹے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ایک سرکاری اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ’’گزشتہ چھ دنوں کے دوران 1,000 سے زیادہ ہندوستانی واگھہ بارڈر کے ذریعے ہندوستان واپس آ گئے۔ دریں اثنا پیر تک 800 سے زیادہ پاکستانی ہندوستان سے پاکستان جا چکے ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے طویل مدتی ویزا رکھنے والوں کو اپنے اپنے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اتوار کو 236 پاکستانی وطن واپس گئے اور 115 ہندوستانی اپنے وطن میں داخل ہوئے۔ واگھہ میں پاکستان رینجرز اور ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس نے وطن واپس آنے والے شہریوں کو امیگریشن کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دینے سے پہلے ان کے کاغذات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کی۔
نئی دہلی میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہونے والی سی سی ایس میٹنگ میں اٹاری چیک پوسٹ کو فوری اثر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔۔ اٹاری واگھہ سرحد بھارت میں امرتسر اور پاکستان میں لاہور کے قریب واقع ہے۔ اس کے بعد وزارت خارجہ (MEA) نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے تمام موجودہ ویزا 27 اپریل تک ہی کارآمد رہیں گے اور میڈیکل ویزا صرف 29 اپریل تک ہی کارآمد ہوں گے۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستا نے بھی تمام ہندوستانیوں کو 30 اپریل تک ملک چھوڑ نے کے لیے کہہ دیا۔
دریں اثنا اس فیصلے کی وجہ سے ہندوستان چھوڑنے پر مجبور پاکستانیوں نے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ کئی ایسے لوگ جو شادیوں میں شرکت کے لیے ہندوستان آئے تھے، انھیں شادی میں شرکت کیے بغیر ہی واپس جانا پڑ رہا ہے۔ وہیں پاکستان میں اپنے جاننے والوں سے ملنے گئے ہندوستانیوں کو بھی انھیں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


















