وادی کشمیر میں موجود مقامی دہشت گردوں کی فہرست تیار

26-4-2025

جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو پیش آنے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فوج کے جوان حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اسی دوران کشمیر وادی میں موجود مقامی دہشت گردوں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے، جس کے بعد وادی میں دہشت گردوں کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔
فہرست کے مطابق اس وقت کشمیر میں کل 14 مقامی دہشت گرد سرگرم ہیں۔
سوپور میں لشکر طیبہ کا ایک مقامی دہشت گرد سرگرم ہے۔
اونتی پورہ میں جیش محمد کا ایک دہشت گرد سرگرم ہے۔
پلوامہ میں لشکر اور جیش کے دو دو مقامی دہشت گرد سرگرم ہیں۔
شوپیاں میں حزب المجاہدین کا ایک اور لشکر طیبہ کے چار دہشت گرد سرگرم ہیں۔
اننت ناگ میں حزب المجاہدین کے دو مقامی دہشت گرد فعال ہیں۔
جبکہ کولگام میں لشکر طیبہ کا ایک مقامی دہشت گرد موجود ہے۔
واضح ہو کہ جنوبی کشمیر کے پہلگام میں ‘مینی سوئٹزرلینڈ’ کے نام سے مشہور سیاحتی مقام بیسرن میں منگل کو دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس میں کم از کم 26 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بدھ کو جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور فوج و پولیس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو اس دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس “گھناؤنے عمل” کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
عینی شاہدین سے بات چیت کی بنیاد پر حملہ آور دہشت گردوں کے خاکے بھی جاری کیے گئے ہیں۔ متاثرین نے بتایا تھا کہ حملہ آور کس طرح دکھائی دیتے تھے، جس کے بعد ان کے خاکے تیار کرائے گئے۔ تینوں دہشت گردوں پر 20-20 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ ان دہشت گردوں کے یہ خاکے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں