نئی دہلی/18اپریل: وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کوکہا کہ انہوں نے ٹیسلا اوراسپیس ایکس کے سی ای اوایلن مسک کے ساتھ فون پربات چیت کی۔ دونوں لیڈران نے ٹکنالوجی اورانوویشن کے شعبے میں ہندوستان اورامریکہ کے درمیان تعاون کوبڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نریندرمودی نے ایکس پرپوسٹ کیا، ”ایلن مسک سے بات کی اورمختلف موضوعات پرتبادلہ خیال کیا، جس میں اس سال کی شروعات میں واشنگٹن ڈی سی میں ہماری میٹنگ کے دوران اٹھے موضوعات بھی شامل تھے۔ ہم نے ٹکنا لوجی اورانوویشن کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات پربات چیت کی۔ ہندوستان ان شعبوں میں امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت کومزید بڑھانے کے لئے پابندعہد ہے۔“
یہ بات چیت ایلن مسک کی کمپنیوں (خصوصی طورپرٹیسلا اوراسٹارلنک) کی ہندوستانی بازارمیں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے درمیان ہوئی ہے۔ ٹیسلا ملک میں مینوفیکچرنگ بیس قائم کرنے کے لئے ہندوستانی افسران کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ وہیں مکیش امبانی کی ریلائنس جیو نے مارچ میں ہندوستان میں اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات لانے کے لئے مسک کی اسپیس ایکس کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ ٹیلی کام ٹائیکون سنیل بھارتی متل کی بھارتی ایئرٹیل نے بھی اسپیس ایکس کے ساتھ اسی طرح کی شراکت کی ہے
وزیراعظم نریندرمودی اورایلن مسک کی اس سے پہلے فروری میں وزیراعظم مودی کے امریکہ کے دوروزہ سرکاری دورے کے دوران ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں نے الیکٹرک گاڑی، قابل تجدید توانائی اورخلا جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کے بارے میں امید کا اظہارکیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نریندرمودی نے ایلن مسک کے تین بچوں کوکتابیں تقسیم کیں۔ انہوں نے انہیں رویندرناتھ ٹیگورکی ’دی کریسنٹ مون‘، ’دی گریٹ آرکے نارائن کلیکشن‘ اورپنڈت وشنوشرما کی ’پنچ تنتر‘ کتابیں پیش کیں۔ وزیراعظم نریندرمودی نے بعد میں بچوں کی تصاویرشیئرکیں، جن میں وہ کتابیں پرھتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔(PMI)