رام پور میں مسجد کے لاؤڈ سپیکر سے افطاری کے اعلان پر تنازعہ، امام سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا گرفتار

رام پور’5مارچ؍(پی ایم آئی) رام پور: یوپی کے رام پور میں اس وقت ہنگامہ مچ گیا جب مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے افطاری کا اعلان کیا گیا۔ دیگر مذاہب کے لوگوں نے اس پر احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ ٹانڈہ اور دیگر کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں طبقوں سے بات کر کے انہیں سمجھایا۔ جس کے بعد پولیس نے نئی روایت شروع کرنے پر امام سمیت 9 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔

تھانہ ٹانڈہ علاقے کی سید نگر چوکی کے گاؤں مانک پور بجاڑیہ میں ایک چھوٹی سی مسجد ہے جو تقریباً 15 سے 20 سال پرانی ہے۔ اس مسجد میں گاؤں کے تقریباً 20 خاندان نماز ادا کرتے ہیں۔ یہ واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب مسجد سے لاؤڈ سپیکر کے ذریعے افطاری کا اعلان کیا گیا۔ جس کی وجہ سے دوسری برادری کے لوگوں نے اسے ایک نئی روایت قرار دیتے ہوئے پولیس سے اس کی شکایت کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھاری تعداد میں وہاں پہنچ گئی۔

پولیس نے دونوں طبقوں کے لوگوں کو سمجھایا لیکن دوسرے طبقہ کے لوگ اس نئی روایت سے ناراض تھے۔ تاہم اس معاملے میں پولیس نے مسجد کے امام سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا ہے اور مذہبی مقام سے لاؤڈ اسپیکر بھی ہٹا دیا ہے اور ان تمام کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اتل کمار شریواستو نے بتا یا کہ تھانہ ٹانڈہ کے گاؤں مان پور بجاریہ سے لاؤڈ سپیکر سے اعلان کرنے پر دو فریقوں کے درمیان جھگڑے کی اطلاع ملی تھی۔ اس میں فوری کارروائی کی گئی اور 9 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔(PMI)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں