آج پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے ہی دونوں ایوان میں زبردست ہنگامہ آرائی جاری ہے۔
دہلی: پارلیمنٹ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی جاری ہے۔ آج کی کارروائی میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ 2025-26 پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ کے بیچ اپوزیشن ارکان زبردست ہنگامہ کر رہے ہیں۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں میں اپوزیشن جماعتوں کمبھ ہلاکتوں پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ کمبھ میلے میں بھگدڑ کے دوران ہوئی اموات پر مرکز اور یوپی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی نعرے لگانے کے بیچ پارلیمنٹ کی کارروائی جاری ہے۔
یہ لوگ کمبھ میں کسی واقعے کا انتظار کر رہے تھے: دنیش شرما
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے بیان پر بی جے پی ایم پی اور یوپی کے سابق ڈپٹی سی ایم دنیش شرما نے کہا کہ یہ لوگ کمبھ میں کسی واقعہ ہونے کا انتظار کر رہے تھے تاکہ اس پر سیاست کر سکیں۔ وہاں جو واقعہ ہوا وہ افسوس ناک ہے۔ اس معاملے کی جانچ جاری ہے۔ وہاں 40 کروڑ سے زیادہ لوگ آرہے ہیں اور انتظامات بہت اچھے ہیں۔ اپوزیشن کو ایسے واقعات پر سیاست نہیں کرنا چاہیے۔
وقف بل پر جے پی سی کی رپورٹ پیش کی جائے گی
دریں اثنا، وقف بل پر جے پی سی کی رپورٹ آج لوک سبھا میں پیش کی جائے گی۔ وقف ترمیمی بل پر جے پی سی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے کہا کہ “جب اسپیکر ایجنڈا تجویز کرے گا اور بزنس ایڈوائزری کمیٹی متفق ہو جائے گی، تو ہم اسے پیش کریں گے۔”
آج کے لوک سبھا اجلاس کے ایجنڈے میں کیا ہے؟
آج لوک سبھا کے ایجنڈے میں سال 2024-25 کے لیے وزارت خارجہ کے گرانٹس کے مطالبات پر کمیٹی برائے خارجہ امور کی رپورٹ اور قائمہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ، سیاحت اور ثقافت کی رپورٹ شامل ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ’تربھون‘ کوآپریٹو یونیورسٹی بل، 2025 پیش کریں گے۔وہیں وقفہ سوالات اور صدر کے خطاب پر تحریک شکریہ بھی ایجنڈے میں موجود ہے۔ قانون سازی کے ایجنڈے میں وقف (ترمیمی) بل اور امیگریشن اینڈ فارنرز بل سمیت 16 بل شامل ہیں۔
راجیہ سبھا اجلاس کے ایجنڈے میں کیا ہے؟
وہیں راجیہ سبھا کے آج کے اینڈے میں صدر کے خطاب پر تحریک شکریہ، اس پر بحث اور وقفہ سوالات شامل ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا گیا تھا۔ سیشن کا پہلا حصہ 13 فروری کو ختم ہوگا۔ دوسرا حصہ 10 مارچ سے شروع ہوگا۔ اجلاس چار اپریل کو ختم ہوگا۔ اجلاس کے قانون سازی کے ایجنڈے میں وقف (ترمیمی) بل اور امیگریشن اینڈ فارنرز بل سمیت 16 بل شامل ہیں۔