پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا ماہ ڈسمبر میں آغاز ’ این وی ایس ریڈی

ماہ ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں حاصل کی گئی جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائیاں شروع ہو نگی

حیدرآباد۔26۔نومبر(پی ایم آئی) ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پرانے شہر کے میٹرو ریل پراجکٹ کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی کے علاوہ اس کے استعمال کو بہتر بنانے کی راست نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ پرانے شہر میں جن جائیدادوں کو حاصل کیا جا رہاہے ان جائیدادوں کے مالکین کو 65ہزار روپئے فی مربع گز معاوضہ ادا کیا جا رہاہے۔

پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا آئندہ ماہ کے اواخر میں آغاز ہوجائے گا اور ماہ ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں حاصل کی گئی جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے میٹرو ریل راہداری II میںپرانے شہر کی مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ راہداری کو بھی شامل کیاگیا ہے اور اس راہداری پر ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں اقدامات کا انتظار کیا جا رہا تھا لیکن آج حیدرآباد میٹرو ریل کے ذرائع نے بتایا کہ ضلع کلکٹر کی نگرانی میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے اس راہداری پر جائیدادوں کو حاصل کرنا شروع کردیا ہے اور اس سلسلہ میں جائیداد مالکین کو معاوضہ کی ادائیگی بھی جلد شروع کردی جائے گی۔ دارالشفاء تا چندرائن گٹہ تعمیر کی جانے والی اس میٹرو ریل راہداری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے انتظامی منظوری دیئے جانے کے بعد کاموں میں تیزی لائی جاچکی ہے اور اس راہداری پر ڈسمبر کے آخری ہفتہ سے حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کی نگرانی میں انہدامی کاروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔۔میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ میں موجود راہداری 6 جو کہ پرانے شہر کی ہے اس میں تعمیر کئے جانے والے میٹرو اسٹیشن کے ناموں کے سلسلہ میں حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے عوام سے رائے حاصل کی جائے گی ۔7.5کیلو میٹر طویل اس راہداری کے لئے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے 2741 کروڑ کا تخمینہ لگایاگیا ہے اور اس راہداری پر آئندہ سال کے اوائل یعنی ماہ جنوری کی ابتداء سے ہی کام شروع کردیئے جائیں گے اور ڈسمبر کے اواخر میں کی جانے والی انہدامی کاروائیوں کے ساتھ ہی ملبہ کی منتقلی کا عمل انجام دیا جائے گا ۔ اس مصروف ترین سڑک پر میٹرو ریل کے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ حیدرآبادٹریفک پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے مشاور ت کی جا رہی ہے تاکہ اس مصروف سڑک سے متبادل راستوں پر ٹریفک موڑنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔(PMI)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں