مجلس مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابی میدان میں، 16 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔

ممبی 30 اکتو بر– آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پار لیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آج مہاراشٹرا اسمبلی کےآئندہ ماہ منعقد ہو نے والے انتخابات کے لئے 16 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔
اِن امیدواروں میں موجودہ ارکان اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی کو مالیگاؤں سنٹرل سے، فاروق شاہ انور کو دھولے سے اور موجودہ رکن پارلیمنٹ سید امتیاز جلیل کو چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) ایسٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

ممبئی میں اے آئی ایم آئی ایم نے اپنے موجودہ پارٹی صدر رئیس لشکاریہ کو ورسوا سے، سابق ممبئی صدر فیاض احمد خان کو بائیکلہ سے، ببیتاکاناڈے کو کرلا سے اور عتیق احمد خان کو مان خورد شیواجی نگر سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بائیکلہ کے سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان اس مرتبہ بھیونڈی سے مقابلہ کریں گے۔ پارٹی کے مہاراشٹرا کے نائب صدر سید معین ناندیڑ ساؤتھ سے مقابلہ کررہے ہیں جبکہ پارٹی کی ویمنس ونگ کی جنرل سکریٹری کیرتی دیپک ڈونگرے ناگپور نارتھ سے مقابلہ کررہی ہیں۔

دیگر امیدواروں میں ناصر صدیقی (چھترپتی سمبھاجی نگر سنٹرل)، سیف پٹھان (ممبراکلوا)، فاروق شبدی (شولاپور)، مہیش کامبلے(میراج)، سمراٹ سرواڈے (مرتضیٰ پور)، اور محمد یوسف (کرنجنامنوڑا) سے امیدوار ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم نے 2014 کے الیکشن میں پہلی مرتبہ 24 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا اُس وقت اُس نے 2 نشستیں جیت لی تھیں۔

2019 کے اسمبلی انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم نے ونچت بہوجن اگھاڑی (وی وی اے) کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور 44 نشستوں پر مقابلہ کرتے ہوئے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

مہاراشٹرا میں دیگر کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اے آئی ایم آئی ایم بھی میدان میں موجود ہے جبکہ دو بڑے اتحاد مہایوتی (بی جے پی، شیوسینا اور این سی پی) اور مہاوکاس اگھاڑی (کانگریس، شیوسینا(یوبی ٹی)، این سی پی (ایس پی)، راج ٹھاکرے کی مہاراشٹرا نونرمان سنہا) زائداز 100 نشستوں پر مقابلہ کررہے ہیں۔ وی وی اے بھی اتنی ہی نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے

مراٹھا کوٹہ جہد کار منوج جرنگے پاٹل کی مراٹھا کرانتی مورچہ نے 28 امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے جن کے منجملہ 16 ممبئی میں ہیں۔ مہاراشٹرا کی 288 رکنی اسمبلی کیلئے 20 نومبر کو انتخابات ہوں گے اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں