کرکٹر محمد سراج نے ڈی ایس پی کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا

حیدرآباد ۔- ۔ (پی ایم آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار محمد سراج نے آج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ جائزہ حاصل کرنے کے بعد محمد سراج نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر کو رپورٹ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس رمیش ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر محمد فہیم قریشی موجود تھے۔ ڈی جی پی جتیندر نے محمد سراج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں کامیابی کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کے غیر معمولی مظاہرہ پر انہیں گروپ I ملازمت کا اعلان کیا تھا ۔ حکومت نے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے محمد سراج کو محکمہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا عہدہ عطا کیا ہے۔ محمد سراج نے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ حکومت نے ورلڈ باکسنگ چمپین نکہت زرین کو بھی محکمہ پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدہ پر مامور کیا ہے ۔ نکہت زرین نے حال ہی میں اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں