حیدرآباد میں ہونے والے مباحثے میں آندھرا اور تلنگانہ کے علاوہ چھتیس گڑھ کے نمائندے بھی شریک ہوں گے
نئی دہلی: 22ستمبر(پی ایم آئی) مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے ارکان وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے لیے پانچ ریاستوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ ملک گیر بحث یکم اکتوبر تک جاری رہے گی جس کا آغاز 26 ستمبر کو مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے ہوگا۔
بحث کا مقصد وقف ایکٹ میں مجوزہ ترامیم میں ضروری اصلاحات لانا ہے جس کے تحت ملک بھر میں 6,00,000 سے زیادہ رجسٹرڈ وقف املاک کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ جے پی سی کے ارکان 26 ستمبر کو مہاراشٹر حکومت، اقلیتی امور کی وزارت اور مہاراشٹر وقف بورڈ کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔
مہاراشٹرا ریاستی اقلیتی کمیشن، بار کونسل، وکلاء ایسوسی ایشن اور متولی ایسوسی ایشن کے اراکین بھی بحث میں حصہ لیں گے۔ اگلے پڑاؤ میں، 27 ستمبر کو احمد آباد میں گجرات حکومت، گجرات وقف بورڈ اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت ہوگی۔
اس کے بعد کمیٹی کے ارکان 28 ستمبر کو آندھرا پردیش، 29 ستمبر کو تمل ناڈو اور یکم اکتوبر کو کرناٹک پہنچ کر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔ حیدرآباد میں ہونے والے مباحثے میں آندھرا اور تلنگانہ کے علاوہ چھتیس گڑھ کے نمائندے بھی شریک ہوں گے