مدینہ منورہ 11 جون۔۔سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں سعودی وزارت صحت نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے قریب مرکز میں اسمارٹ روبوٹ سروس کا آغاز کیا ہے
سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں سعودی وزارت صحت نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے قریب مرکز میں اسمارٹ روبوٹ سروس کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت نے کہا ہے کہ اسمارٹ روبوٹ سروس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین کی سیفٹی اور آگاہی کے لیے دنیا کی 96 سے زیادہ زبانوں میں تعلیمی پیغامات اور صحت سے متعلق مشورے دینا اور انہیں براڈ کاسٹ کرنا ہے۔
علاوہ ازیں وزارت کے رضاکار اور آگاہی ٹیمیں مدینہ منورہ میں 220 رضاکاروں کے ہمراہ اپنا فیلڈ ورک جاری رکھے ہوئے ہیں۔عازمین حج کی خدمت کے لیے 12 سے زیادہ ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں۔
یہ ٹیمیں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اس کی جانب جانے والی سڑکوں، امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حرمین ٹرین اسٹیشن کے ساتھ مسجد قبا، خندق، سید الشہدا اور میقات ذو الخلیفہ کی مساجد میں صحت اور ہنگامی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ عازمین حج کے استقبالیہ مراکز، مختلف مالز، ہیلتھ سینٹرز سمیت کئی مقامات پر 97 اسمارٹ ڈسپلے اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔ مختلف میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ 5 مختلف زبانوں عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی اور فارسی میں صحت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت مکہ مکرمہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 عازمین حج کی اوپن ہارٹ سرجری انجام دی گئی ہے، جبکہ 68 کو اسٹنٹ لگائے گئے۔ محکمہ صحت مکہ مکرمہ کے مطابق 2034 عازمین کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور 160 کے ڈائلیسز کیے گئے۔