ریاست میں اعلیٰ عہداروں کے بڑے پیمانوں پر تبادلے کئے جائنگے اس خصوص میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وزراء سے مشاورت
جاری ہے۔
حیدرآباد 8 جون۔۔ریاست میں اعلیٰ عہداروں کے بڑے پیمانوں پر تبادلے کئے جائنگے اس خصوص میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وزراء سے مشاورت ’لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی پابندیوں کے اختتام کے ساتھ ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی تیاری شروع کردی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد چیف منسٹر نے بعض آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کرتے ہوئے اہم ذمہ داریاں دی تھیں لیکن مذکورہ عہدیداروں کی کارکردگی سے چیف منسٹر مطمئن نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اپنے قریبی ساتھیوں کو بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت سے قربت رکھنے والے بعض عہدیدار ابھی بھی سابق آقاؤں سے وفاداری نبھارہے ہیں۔ لوک سبھا چناؤ کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب ریونت ریڈی تقریباً دو ماہ تک نظم و نسق میں تبدیلی کرنے سے قاصر رہے۔ اب جبکہ ضابطہ اخلاق کی پابندی ختم ہوچکی ہے، چیف منسٹر نے اہم محکمہ جات کے لئے عہدیداروں کے انتخاب کا عمل شروع کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیول اور پولیس کے اہم شعبہ جات میں ایسے عہدیداروں کا تقرر کیا جائے گا جو سابق حکومت میں اہم عہدوں پر فائز نہیں تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 6 ضمانتوں پر مؤثر عمل آوری کے لئے متحرک عہدیداروں کی فہرست تیار کی ہے جنھیں اہم محکمہ جات میں مامور کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اپنے آفس میں 2 آئی اے ایس عہدیداروں کی شمولیت کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ موجودہ سی ایم او کے عہدیدار ناکافی ہیں اور دو سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کی شمولیت کے ذریعہ کام کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ اِسی دوران انتخابی عمل میں اہم رول ادا کرنے والے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور اُن کے دو ماتحت عہدیداروں کی خدمات الیکشن کمیشن سے حاصل کرتے ہوئے اہم محکمہ جات میں مامور کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وکاس راج کے علاوہ ڈی ایس لوکیش کمار اور سرفراز احمد کو اہم محکمہ جات میں ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ میں اسمبلی اور لوک سبھا کے شفاف انتخابات کا سہرا تینوں عہدیداروں کے سر جاتا ہے۔ کسی بھی تنازعہ کے بغیر دونوں انتخابات کے انعقاد سے کانگریس حکومت مطمئن ہے اور اطلاعات کے مطابق وکاس راج محکمہ فینانس میں اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ 2003 ء آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار اور 2009 ء بیاچ سے تعلق رکھنے والے جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد کی خدمات الیکشن کمیشن سے حاصل کرتے ہوئے اہم محکمہ جات میں تعیناتی عمل میں آسکتی ہے