پرینکا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی ہمیں کچھ بھی کہیں، گھر سے نکال دیں، پارلیمنٹ سے نکال دیں، کیس ڈال دیں، چاہے مار ڈالیں، لیکن شہادت کا جذبہ ہمارے دل سے کوئی نہیں نکال سکتا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج مدھیہ پردیش کے مورینا میں انتخابی تشہیر کے دوران پی ایم مودی کی عوام مخالف پالیسیوں کو زوردار انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کانگریس حکومت، خصوصاً گاندھی فیملی کی بے مثال کارگزاریوں کو عوام کے سامنے رکھا۔ انھوں نے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اندرا گاندھی جی نے غریبوں کو زمین کے پٹّے دیے، لیکن نریندر مودی نے پٹّے دینے کی اسکیم بند کر دی۔ کوربا، چھتیس گڑھ میں نریندر مودی نے لوگوں کی زمین لے لی، کھدان (کان) اٹھا کر اپنے ارب پتی متروں (دوستوں) کو دے دیا۔ آج وہاں لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہے۔‘
اپنی تقریر کے دوران پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے اس بیان کا جواب بھی دیا جس میں انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ راجیو گاندھی نے اقتدار میں آنے کے بعد ’وراثت ٹیکس‘ کو ختم کر دیا تاکہ انھیں اپنی ماں سے وراثت میں ملی ملکیت پر ٹیکس نہ لگے۔ پرینکا نے اس معاملے میں اپنے والد راجیو گاندھی کی شہادت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انھیں وراثت میں ملکیت نہیں بلکہ شہادت ملی۔ انھوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’’میرے والد کو وراثت میں ’شہادت کا جذبہ‘ ملا، لیکن یہ بات نریندر مودی کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ وہ اسے نہیں سمجھ پائیں گے۔ نریندر مودی ہمیں کچھ بھی کہیں، گھر سے نکال دیں، پارلیمنٹ سے نکال دیں، کیس ڈال دیں، چاہے مار ڈالیں۔ لیکن شہادت کا یہ جذبہ ہمارے دل سے کوئی نہیں نکال سکتا ہے۔
پی ایم مودی کی عوام مخالف پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ دہلی بارڈر پر لاکھوں کسانوں نے تحریک کی، لیکن پی ایم مودی نے ان کی ایک بات نہیں سنی۔ جب اتر پردیش کا انتخاب آیا اور سینکڑوں کسان شہید ہو گئے تب جا کر تین سیاہ قوانین واپس لیے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’لکھیم پور میں بی جے پی کے وزیر کے بیٹے نے اپنی جیپ سے کسانوں کو روند دیا، لیکن پی ایم مودی وزیر اور ان کے بیٹے کو بچانے میں لگے رہے۔ میں کسان کنبوں سے ملنے گئی تو مجھے ہی گرفتار کروا دیا، لیکن وزیر اور اس کے بیٹے کو گرفتار نہیں ہونے دیا۔
پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں مودی حکومت اور اس کی عوام مخالف پالیسیوں سے ہر حال میں جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی نے اپوزیشن کو دبانے کی تمام کوششیں کر لی ہیں۔ لیکن ہم آواز اٹھاتے رہتے ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔‘‘ مورینا کی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’یہ بہادروں کی زمین ہے۔ آپ نے اپنے جوان بیٹوں کو فوج میں ملک کی حفاظت کے لیے بھیجا ہے، اس لیے یہ زمین ہمارے لیے ہمیشہ پاکیزہ رہے گی۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو لوک سبھا انتخاب میں کامیاب بنائیں تاکہ ہندوستانی اقدار، ہندوستانی تہذیب و روایات اور ہندوستانی آئین کی حفاظت کی جا سکے۔