ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں گیانواپی مسجدکے وضو خانہ کی صفائی کاکام مکمل

سیکورٹی کے وسیع انتظامات میں ہوئی صفائی کے دوران دونوں فریق موقع پر موجود رہے
وارانسی : وارانسی واقع گیانواپی میں وضو خانہ کی صفائی مکمل ہو گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن اور فشریز ڈپارٹمنٹ کے صفائی عملہ نے وضو خانہ کی صفائی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اس دوران وضو خانہ میں تقریباً 17 مردہ مچھلیاں پائی گئیں۔ جبکہ 38 مچھلیاں زندہ پائی گئیں۔ معلومات کے مطابق گیانواپی کے وضو خانہ کا پورا پانی 3 پمپوں سے نکالا گیا ۔بتایا جا رہا ہے کہ زندہ مچھلیوں کو انجمن انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ صفائی کے بعد وضو خانہ کو دوبارہ سیل کر دیا گیا ہے۔ صفائی کے دوران دونوں فریق موقع پر موجود رہے۔ اس دوران وضو خانہ کے اندر جمع گندگی کو صاف کیا گیا۔ دراصل گیانواپی معاملے میں سپریم کورٹ کے سیل شدہ علاقے میں ٹینک کی صفائی کے حکم کے بعد آج وضو خانہ کی صفائی کی گئی۔میونسپل کارپوریشن نے گیانواپی کے وضو خانہ کی صفائی کے لئے 26 صفائی کارکنوں کو تعینات کیا تھا۔ ان کے ساتھ محکمہ فشریز اور جل کل کی ٹیم بھی وضو خانہ کی صفائی کے دوران موقع پر موجود تھی۔ پوری ٹیم نے وارانسی کے مجسٹریٹ کی دیکھ ریکھ میں وضو خانہ کی صفائی مکمل کی۔ صفائی کے بعد ٹینک کے اندر چونا چھڑکا گیا۔
اطلاع کے مطابق گیانواپی وضو خانہ کی صفائی کا کام تقریباً 2 سے 3 گھنٹے میں مکمل ہوا۔ اس دوران موقع پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔واضح ہوکہ 16 جنوری کو سپریم کورٹ نے گیانواپی میں سیل شدہ علاقے کے ٹینک کی صفائی کی اجازت دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ ٹینک کی صفائی میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ لیکن اس علاقے کی صفائی وارانسی مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں