قومی ترانہ کی بے حرمتی معاملے میں 12 بی جے پی اراکین اسمبلی پر شکنجہ سخت

۔کولکتہّ یکم ڈسمبر(پی ایم آئی) : مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا پولیس نے جمعرات کو ہیر اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کے خلاف ریاستی اسمبلی کمپلیکس میں مبینہ طور پر قومی ترانے کی توہین کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ ارکان اسمبلی میں مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری اور ایوان میں پارٹی کے چیف وہپ منوج تیگا شامل ہیں۔یہ توہین اس وقت شروع ہوئی جب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں سیاہ لباس میں ملبوس ترنمول کانگریس کے ارکان اسمبلی بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس احتجاج کر رہے تھے۔ وہ مختلف مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے تحت ریاستی حکومت کو مرکزی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف اسمبلی احاطے میں سراپا احتجاج تھے۔احتجاجی اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں بی جے پی ارکان اسمبلی کا ایک گروپ پارٹی کی میگا ریلی کے لیے اسمبلی کمپلیکس پہنچا، جس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر ارکان اسمبلی کو احتجاج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ’چور، چور’ کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے اسمبلی اسپیکر بمن بندوپادھیائے سے شکایت کی کہ جب حکمراں پارٹی کے ارکان اسمبلی قومی ترانہ گا رہے تھے تو بی جے پی کے ارکان اسمبلی یہ نعرے لگا رہے تھے اس لیے یہ قومی ترانہ کی توہین ہے۔ انہوں نے سپیکر سے اس معاملے میں ضروری قانونی اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی۔
اسپیکر نے فوری طور پر کولکاتا پولیس کے ڈپٹی کمشنر (سنٹرل ڈویژن) کو طلب کیا، جس کے دائرہ اختیار میں ریاستی اسمبلی آتی ہے، اور ترنمول کانگریس کے تین اراکین اسمبلی نے اس سلسلے میں ایک شکایتی خط انہیں سونپا۔ اس شکایت کی بنیاد پر بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں