نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعہ 20 اکتوبر کو 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے مدمقابل ہونا ہے۔
بھارت میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں، نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف تو گرین شرٹس کو کامیابی ملی لیکن روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب آسٹریلیا بھی اب تک ٹورنامنٹ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکا، کینگروز نے بھی اب تک 3 میچز کھیلے جس میں 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی۔
اکستان اور آسٹریلیا دونوں کل رواں ورلڈکپ میں اپنا چوتھا میچ کھیلیں گے۔
ورلڈکپ میں کس کا پلڑا بھاری رہا؟
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور پاکستان 10 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں. دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ورلڈکپ میچ 1975 میں ہوا تھا۔
1975
ون ڈے کرکٹ کے پہلے ورلڈکپ میں ہی پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں کینگروز نے پاکستان کو با آسانی 73 رنز سے شکست دے دی تھی۔
1979
پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں ورلڈکپ کے دوسرے ایڈیشن میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اس بار پاکستان نے گزشتہ ورلڈکپ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے کینگروز کو 89 رنز سے ہرا یا۔
1987
کینگروز اور پاکستان1987 کے ورلڈکپ میں تیسری بار مدمقابل آئے،اس بار آسٹریلیا نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو اس کے ہی ہوم کراؤڈ کے سامنے 18 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ یہ ورلڈکپ آسٹریلیا کے ہی نام رہا تھا۔
1992
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 1992 کے ورلڈکپ میں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں، اس بار گرین شرٹس نے پچھلی ہار کا بدلہ لیتے ہوئے آسٹریلیا کو اس ہی کے کراؤڈ کے سامنے 48 رنز سے شکست دی۔
1999
1999 کے ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا دو بار مدمقابل آئے، گروپ اسٹیج میں تو پاکستان نے کینگروز کو 10 رنز سے ہرا یا لیکن
بدقسمتی سے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بدلہ لیتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی۔
2003
پاکستان اور آسٹریلیا 2003 کے ورلڈکپ میں ساتویں بار آمنے سامنے آئے اس بار آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 82 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔
2011
کینگروز اور پاکستان 2011 کے ورلڈکپ میں آٹھویں بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئے، اس بار گرین شرٹس نے پرانے بدلے لیتے ہوئے دفاعی چیمپئن کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور 1999 کے ورلڈکپ کے فائنل سے ناقابل شکست رہنے والی آسٹریلین ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔
2015
اس ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے آئیں، اس بار کینگروز نے گرین شرٹس کو 6 وکٹوں سے ہرایا اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ یہ ورلڈکپ آسٹریلیا کے نام رہا تھا۔
2019
پاکستان اور آسٹریلیا 2019 کے ورلڈکپ میں دسویں بار مدمقابل آئے، اس بار بھی کینگروز نے گرین شرٹس کو 41 رنز سے شکست دی۔
ورلڈکپ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے ،کینگروز نے 10 مقابلوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ گرین شرٹس 4 میچز جیت سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کل بنگلورو میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا