حیدرآباد،13 اکتوبر(پی ایم آئی) ا لیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سندیپ شنڈالیہ کو حیدرآبادسٹی پولیس کا نیا کمشنرمقرر کیا ہے۔
وہ‘سی وی آنند کی جگہ لے چکے ہیں جن کا 30 نومبرکومنعقدشدنی اسمبلی الیکشن سے قبل دیگرآئی اے ایس اورآئی پی ایس عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ کردیاگیا۔شنڈالیہ نے تلنگانہ اسٹیٹ پولیس انٹگیرٹیڈکمانڈکنٹرول سنٹر میں واقع دفتر کمشنر میںاپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
شنڈالیہ‘ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹیکس بیورو کا بھی مکمل چارج رکھیں گے۔ ہریانہ کے متوطن اور 1993 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے شنڈالیہ نے پرانے شہر کے ساوتھ زون ڈی سی پی کے طورپربھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے ایڈیشنل کمشنر کرائمس کے طورپربھی خدمات انجام دی ہیں۔الیکشن کمیشن نے ایک دیانت دار‘بے داغ کیرئر کے حامل عہدیدارکوسٹی پولیس کمشنر مقرر کیاہے۔ سابق پولیس کمشنر اجیت کمار موہنتی بھی عوامی حلقوں میں دیانت دار اور صاف ستھری شبیہ کے طورپرمشہور تھے۔
سندیپ شنڈالیہ جب ڈی سی پی اورایڈیشنل کمشنر کرائمس کے عہدہ پر فائزتھے تب‘انہوں نے غریبوں کی مدد کی تھی اس لئے وہ آج بھی پرانے شہر کے عوامی حلقوں میں مقبول ہیں۔
سائبرآبادپولیس کمشنر کی حیثیت سے انہوں نے سیاسی دباؤ قبول کرنے سے انکارکردیاتھا اور خود انہوں نے اپنا تبادلہ کروالیا۔وہ نہ تو کرپٹ ہیں اور نہ ہی غیرضروری دباؤ قبول کرتے ہیں یہی ان کی اہم خصوصیت ہے۔ وہ ایک فرض شناس اور غیر جانبدارعہدیدار ہیں۔(پریس میڈیا آف انڈیا)