پولیس 36 گھنٹے ڈیوٹی پر رہے گی۔ حیدرآباد کے سی پی سی وی آنند اور دیگر سینئر عہدیدار بنجارہ ہلز میں کمانڈ کنٹرول سنٹر سے وسرجن کی نگرانی کریں گے۔
حیدرآباد، ستمبر 27 (پریس میڈیا آف انڈیا): گنیش کی مورتیوں کے وسرجن کی تقریب کے لیے دارالحکومت کو سجا دیا گیا ہے۔ جمعرات کو مورتیوں کے وسرجن کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔حسین ساگر جھیل کے ارد گرد پانچ مقامات پر 36 کرینیں، جے سی بی، ٹپر اور ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حسین ساگر اور سرو نگر ٹینک بند سمیت 62 تالاب، 74 آبی ذخائر خصوصی طور پر POP مورتیوں کے وسرجن کے لیے بنائے گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں وسرجن کا عمل پہلے ہی سے جاری ہے۔خیریت آباد سری داسا مہا ودیا گنپتی کے وسرجن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وسرجن کی تیاریاں بدھ کی نصف شب سے شروع ہو جائیں گی۔ شوبھا یاترا جمعرات کی صبح 7 بجے شروع ہوگی۔ یہ صبح 9.30 بجے این ٹی آر مارگ پہنچے گی۔ صبح 10.30 سے 11.30 بجے تک پوجا کی جائے گی۔ مورتیوں کے وسرجن کے ساتھ ہی وسرجن کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہو جائے گا۔گنیش وسرجن کے پرامن انعقاد کے لیے تینوں کمشنریٹ کی حدود میں پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر میں مزید 100 مقامات پر وسرجن کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حسین ساگر کے علاوہ دیگر پانی کے تالابوں پر 200 پیشہ ور تیراک دستیاب ہوں گے۔ تین پولیس کمشنریٹس کی حدود میں تقریباً 40,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ تقریباً 25,000 پولیس اہلکار حیدرآباد کمشنریٹ میں اور 13,000 سایبرآباد اور رچاکونڈہ کمشنریٹ میں تعینات ہوں گے۔ پولیس اہلکاروں کے علاوہ آر اے ایف، پیرا ملٹری اور اضافی دستے بندوبسٹ میں شامل ہوں گے۔پولیس 36 گھنٹے ڈیوٹی پر رہے گی۔ حیدرآباد کے سی پی سی وی آنند اور دیگر سینئر عہدیدار بنجارہ ہلز میں کمانڈ کنٹرول سنٹر سے وسرجن کی نگرانی کریں گے۔ حکام پہلے ہی 3,600 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر چکے ہیں۔ کمانڈ کنٹرول میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل اور نگرانی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ شورش زدہ علاقوں میں اضافی فورس موجود رہے گی۔ بالاپور گنیش شوبھا یاترا کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ پرانے شہر کے چندرائن گٹہ، چارمینار، افضل گنج، ایم جے مارکیٹ اور عابڈس سے ہوتا ہوا حسین ساگر پہنچے گا۔ بالاپور گنیش شوبھا یاترا 19 کلومیٹر لمبی ہوگی۔پرانے شہر میں ڈی سی پی سائی چیتنیا کی راست نگرانی میں ساؤتھ زون وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں(پی ایم آئی)