وزیراعظم مودی نے 77 ویں یوم آزادی پر ملک سے خطاب کیا؛ سرکار اگلے مہینے روایتی ہنر مند کاریگروں کے لیے وشوکرما اسکیم شروع کرے گی: وزیر اعظم

نئی دہلی’15 اگست (پی ایم آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے تین لعنت- بدعنوانی، اقربا پروری اور خوشامد پسندی کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے ملک سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دیانتداری، شفافیت اور غیر جانبداری کو فروغ دے کر بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا، ہماری مجموعی ذمہ داری ہونی چاہیے۔ جناب مودی نے کہا کہ آبادی، جمہوریت اور گوناگونیت کی تریوینی میں بھارت کے ہر خواب کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ان کیلئے ملک میں مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ درجہ بندی سے متعلق دنیا کی ہر ایک ایجنسی، بھارت کی ستائش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ BJP جب 2014 میں اقتدار میں آئی تھی تو ملک کی معیشت، 10 ویں مقام پر تھی لیکن آج یہ دنیا کی 5 ویں معیشت بن گئی ہے۔ دنیا کا ہر ایک ماہر کہہ رہا ہے کہ بھارت کی ترقی کی رفتار کو روکا نہیں سکتا۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ حکومت روایتی ہنر یافتہ افراد کیلئے اگلے مہینے 13 ہزار سے 15 ہزار کروڑ روپے کے مختص فنڈ سے وِشو کرما اسکیم کا آغاز کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جن اوشدھی کیندروں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی جائے گی۔
منی پور کے بارے میں جناب مودی نے کہا کہ خطے میں امن، رفتہ رفتہ بحال ہو رہا ہے اور پورا ملک منی پور کے ساتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ منی پور میں امن کے راستے سے حل نکالا جائے گا اور مرکز اور ریاستی سرکاریں حل تلاش کرنے کی بھر پور کوششیں کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فوج کو تیار رکھنے کیلئے مسلسل اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پہلے لوگ بم دھماکوں کے بارے میں سنا کرتے تھے لیکن آج ملک خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ترقی پر توجہ تبھی مرکوز کرسکتے ہیں جب امن اور سلامتی قائم ہو۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس میں ساڑھے 13 کروڑ لوگ غریبی کی سطح سے اوپر اٹھے ہیں اور نئے متوسط اور متوسط طبقے کا حصہ بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اب ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور بھارت اس میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جناب مودی نے کہا کہ جو ایک چیز ملک کو آگے لے جائے گی، وہ خواتین کی قیادت میں ترقی ہے اور ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ بھارت اِس شعبے میں قیادت کر رہا ہے۔ اس کے پاس شہری ہوا بازی کے شعبے میں سب سے زیادہ پائلٹس ہیں اور خواتین سائنسداں، چندریان مشن کی قیادت کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی 20 کے ممالک بھی خواتین کی قیادت میں ترقی کی اہمیت کو تسلیم کررہے ہیں۔ حکومت خواتین کے اپنی مدد آپ گروپوں کو مستحکم کرنے کیلئے زرعی ٹیکنالوجی کے شعبے کیلئے ایک نیا منصوبہ وضع کر رہی ہے۔ انھیں ڈرون اڑانے اور اُن کی مرمت کے سلسلے میں تربیت دی جائے گی۔
افراط زر کے بارے میں جناب مودی نے کہا کہ دنیا کو افراط زر کے بحران کا سامنا ہے اور پوری عالمی معیشت اُس کے گرفت میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے افراط زر کو قابو میں رکھنے کیلئے تمام کوششیں کی ہیں اور وہ اِس سمت میں مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
جناب مودی نے کہا کہ نیا بھارت، خود اعتمادی سے بھر پور ہے اور کئی مقاصد وقت سے پہلے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ اِن میں کووڈ سے بچاؤکے200 کروڑ ٹیکے لگایا جانا، 5 جی کا آغاز اور برآمدات کے شعبے میں 500 ارب ڈالر کے نشانے کا حصول شامل ہے۔ 2030 تک قابل تجدید توانائی کے نشانے کو 2021-22 میں پورا کرلیا گیا۔ ایتھنول کی 20 فیصد آمیزش کے نشانے کو بھی وقت سے پانچ برس پہلے ہی حاصل کرلیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب ملک 2047 میں آزادی کے 100 سال مکمل ہونے کا جشن منائے گا تو بھارت کے ترنگے کو ایک ترقی یافتہ بھارت کا ترنگا ہونا چاہیے۔
اِس سے پہلے جناب مودی نے لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا اور آرمی بینڈ سے قومی سلامی لی۔
اِس موقع پر مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے تقریباً ایک ہزار 800 لوگوں کو اُن کی شریک حیات کے ساتھ خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اِن میں سرپنچ، درخشاں گاؤوں کے نمائندے، کسان تنظیمیں، پرائمری اسکول کے اساتذہ، نرسیں اور ماہی گیر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں