جموں ۲۲ ْجون۔، نائب صدر جمہوریہ ہند جگدیپ دھنکڑ کا کہنا ہے کہ دفعہ 370 عارضی تھا پھر بھی 70 طویل برسوں تک قائم رہا انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں غیر معمولی ترقی دیکھنے کو ملی ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے ملک کے ساتھ مکمل انضمام کے ساتھ شیامہ پرساد مکھر جی کا ایک ودھان، ایک پردھان اور ایک نشان کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوا۔
موصوف نائب صدر جمہوریہ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جموں یونیورسٹی کے خصوصی کنوکیشن کی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘دفعہ 370 عارضی تھا پھر بھی 70 برسوں تک قائم رہا ہم آج ہم اس دفعہ کے بغیر خوش ہیں آج شیامہ پرساد مکھر جی کا خواب ایک ودھان، ایک پردھان اور ایک نشان کا خواب پورا ہوا، ایک ملک میں دو نشان، دو پردھان نہیں چلیں گے
ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر کے ملک کے ساتھ مکمل انضمام کے ساتھ اب کشمیر سے کنیا کماری تک ایک ودھان، ایک پردھان اور ایک نشان ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں غیر معمولی ترقی دیکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ملک کے ساتھ مکمل انضمام نے یہاں سرمایہ کاری، سیاحتی شعبے کے دوام اور تعمیر و ترقی کی راہوں کو ہموار کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں تعلیم کا مرکز بن جائے گا اور آج جموں و کشمیر میں ملک کے تمام اعلیٰ ادارے جیسے آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی یہاں تک کہ آئی آئی ایم ایس بھی قائم ہیں۔
جگدیپ دھنکڑ نے کہا کہ آئین ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر نے سارے دفعات ڈرافٹ کئے لیکن دفعہ 370 ڈرافٹ کرنے سے انکار کیا تھا کیونکہ ان کا بہت ہی بڑا وژن تھا۔انہوں نے کہا: ‘دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد زائد از 2 سو سٹیٹ قوانین کو ختم کی گیا جبکہ زائد از ایک سو قوانین میں ترمیم کی گئی۔ان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور ہر شعبے میں وسیع پیمانے پر ترقی ہو رہی ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بانہال ٹنل، چنانی ٹنل اور دریائے چناب پر دنیا کے سب سے بڑے ریل پل کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی بڑھتی ہوئی معیشت ہے اور ڈیجیٹل انفارمیشن میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا ہمارے پاس 7 سو ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں جو امریکہ اور چین سے بھی زیادہ ہیں، ہماری جمہوریت پھل پھول رہی ہے، آج ہم سب کو ہندوستانی ہونے پر فخر ہونا چاہئے ہم نے آج کا جیسا بھارت پہلے کبھی دیکھا نہیں ہے۔جگدیپ دھنکڑ نے کہا کہ کسی کو بھی ترقی کی رفتار میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا: ‘ہم آئینی طور ایک فعال جمہوریت ہیں ہماری جمہوریت پنچایت، ضلع، ریاست اور پھر مرکزی سطح سے شروع ہوتی ہے ہمارے پاس ایک ناقابل یقین سیاسی ماحولیاتی نظام ہے، دنیا کے ہر کونے میں آج بھارت کے جینیئس ملتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘بھارت دشمن طاقتیں ایک منظم انداز میں ملک کے خلاف ایک جھوٹے بیانیے کو قائم کر رہے ہیں، ہم میں سے بعض لوگ اس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘اگر اکثریت نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تو وہ ابدی خاموشی ہے اور ایسے مذموم عزائم کو اس سرزمین پر کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔سری نگر میں گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے بارے میں نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا: ‘یہ اجلاس ایک شاندار کامیابی تھا۔
انہوں نے کہا: ‘ہم کبھی خواب دیکھنا بند نہیں کرتے ہیں کیونکہ ہمارے خواب پورے ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘رشوت خوروں کے بچنے کے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اور وہ سب قانون کے سامنے جوابدہ ہے۔