وزیراعظم نریندرمودی نے ملک میں کووڈ19- کی صورتحال، صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری اور نقل وحمل اور ٹیکہ کاری مہم کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج اعلیٰ سطح کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اُنھوں نے کووڈ19- کی نئی اقسام کے ابھرنے اور عوامی صحت پر اُن کے اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ اعلی سطح کی یہ جائزہ میٹنگ بعض ملکوں میں کووڈ19- کے بڑھتے معاملات کے تناظر میں ہوئی ہے۔ میٹنگ کے دوران وزیراعظم نے تساہلی کے خلاف خبردار کیا اور سخت چوکسی برتے جانے کا مشورہ دیا۔ اِس بات کو دہراتے ہوئے کہ کووڈ ابھی ختم نہیں ہوا ہے، جناب مودی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نگرانی کے جاری اقدامات کو مستحکم کریں، خاص طور سے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر۔
وزیراعظم مودی نے اِس بات کو یقینی بنائے جانے پر بھی زور دیا کہ سبھی سطح پر کووڈ سے متعلق تمام بنیادی ڈھانچوں کو چست اور درست رکھا جائے۔ اُنھوں نے ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ کووڈ سے متعلق سہولتوں کا جائزہ لیں تاکہ آکسیجن سلینڈرس، پی ایس اے پلانٹس، وینٹی لیٹرز اور انسانی وسائل سمیت اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری کو یقینی بنایا جاسکے۔ جناب مودی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جانچ اور Genomic Sequencing کی کوششوں میں اضافہ کریں۔ ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر Genome Sequencing سے متعلق لیبارٹریوں میں بڑی تعداد میں نمونے بھیجیں۔ اِس سے ملک میں کووڈ کی نئی قسم کا بروقت پتہ لگانے اور عوام کی صحت سے متعلق ضروری اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔
آنے والے تہوار کے موسم کے پیش نظر وزیراعظم نے ہر ایک سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ بھیڑبھاڑ والے عوامی مقامات پر ماسک لگانے سمیت کووڈ سے بچاو کے مناسب طور طریقے اپنائیں۔ اُنھوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ احتیاطی ٹیکہ لگانے کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے خاص طور سے عمررسیدہ لوگوں کی اور جن کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ میٹنگ کے دوران وزیراعظم مودی کو مطلع کیا گیا کہ دوائیں، ٹیکے اور اسپتال کے بیڈ وافر تعداد میں دستیاب ہیں۔ اُنھوں نے ضروری دواوں کی دستیابی اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے جانے کا مشورہ دیا۔ میٹنگ کے دوران ملکوں میں بڑھتے معاملات سمیت کووڈ19- کی عالمی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت میں کووڈ کے معاملات میں لگاتار کمی آرہی ہے اور اوسطاً روزانہ معاملات کم ہوکر 153 ہوگئے ہیں۔ البتہ گزشتہ چھ ہفتے سے عالمی سطح پر اوسطاً روزانہ پانچ لاکھ 90 ہزار معاملات کی خبر ملی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا، وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اطلاعات ونشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر اُن لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔
اداکار اللو ارجن سے 4 گھنٹے تک پولیس کی پوچھ گچھے، سوالات کی بو چھار
آج بھارت رتن اٹل واجپئی کا 100 ویں یوم پیدائش: وزیر اعظم مودی قومی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے
داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر ای ڈی کے گھیرے میں
داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکرکے ای ڈی کے گھیرے میں
تلنگانہ: ریاستی اسمبلی کے سات روزہ اجلاس 37.44 گھنٹے تک جاری رہا’ 8 بل منظور