گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم میں تیزی آگئی ہے, وزیراعظم مودی آج سُریندرنگر جمبُسر اور نوساری میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے

21-11-22
گجرات میں، پہلے مرحلے کی چناو مہم زوروں پر ہے۔ پہلے مرحلے کی یہ پولنگ 89 سیٹوں کیلئے یکم دسمبر کو ہوگی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی چناو میٹنگوں کے ساتھ ہی، ریاست میں اِس مہم میں اور بھی تیزی آگئی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اپنی انتخابی مہم کے تیسرے دن آج سُریندرنگر، جمبُسر اور نوساری میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ اپنے عوامی جلسوں میں جناب مودی، لوگوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ گجرات کے فخر کو برقرار رکھیں اور ریاست کی ترقی کیلئے بی جے پی کو ایک اور موقع دیں۔
کانگریس پارٹی نے اِس مہم میں اپنے ممتاز رہنماﺅں کو اتارا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی آج سورت اور راجکوٹ میں مہم چلائیں گے۔ راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت بھی اُن کے ہمراہ ہوں گے۔
اسی دوران عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال اور دیگر رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں داخل کی گئی نامزدگیوں کو واپس لینے کا آج آخری دن ہے۔ اِس مرحلے میں ایک ہزار 112 کاغذات نامزدگی صحیح پائے گئے۔
اِسی دوران بی جے پی نے اُن سات پارٹی کارکنوں کو معطل کردیا ہے جنہوں نے پہلے مرحلے کی پولنگ کیلئے، آزادامیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں