گجرات، (پی ایم آئی) بی جے پی امیداروں کی پہلی فہرست جاری، موربی ممبر اسمبلی ور پانچ وزراکو ٹکٹ نہیں دیا گیا
: بی جے پی نے گجرات میں آنے والے اسمبلی الیکشن میں جن 38 موجودہ ممبران اسمبلی کو ٹکٹ نہیں دیا ہے، ان میں موربی کے ممبر اسمبلی سمیت ریاست کے پانچ وزرا بھی شامل ہی
احمد آباد: گجرات اسمبلی الیکشن کیلئے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے ۔ بی جے پی نے گجرات میں آنے والے اسمبلی الیکشن میں جن 38 موجودہ ممبران اسمبلی کو ٹکٹ نہیں دیا ہے، ان میں موربی کے ممبر اسمبلی سمیت ریاست کے پانچ وزرا بھی شامل ہیں ۔ موربی کے ممبر اسمبلی برجیش میرجا کا نام بی جے پی کے ذریعہ جمعرات کو جاری کی گئی 160 امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں ہے ۔ غور طلب ہے کہ موربی میں پچھلے مہینے پل گرنے کے واقعہ میں 135 افراد کی موت ہوگئی تھی ۔ موربی سے اس مرتبہ ندی میں کودنے والے بی جے پی لیڈر کانتی امرتیہ کو ٹکٹ ملا ہے ۔
کچھ ضلع میں 2012 اور 2017 میں بھج سیٹ سے جیت حاصل کرنے والے گجرات اسمبلی اسپیکر نیمابین آچاریہ کو بھی پارٹی نے اس مرتبہ ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ بی جے پی نے گجرات کی 182 رکنی اسمبلی کے الیکشن کیلئے ایک اور پانچ دسمبر کو ہونے والی ووٹنگ کیلئے 160 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جمعرات کو جاری کی ۔ پارٹی نے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو ان کے انتخابی حلقہ گھاٹ لوڈھیا سے امیدوار بنایا ہے اور کئی موجود ممبران اسمبلی کے ٹکٹ کاٹے ہیں ۔
بی جے کے جن 38 ممبران اسمبلی کو اس مرتبہ ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے، ان میں سابق وزیر اعلی وجے روپانی اور 2017 سے 2021 تک ان کی کابینہ کا حصہ رہے سات ممبران اسمبلی بھی شامل ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی ستمبر 2021 میں روپانی اور ان کی پوری کابینہ کو بدل دیا تھا ۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کی قیادت میں پوری طرح سے نئی کابینہ تشکیل دی گئی تھی ۔