شہرحیدرآبا دکے جرائم میں مجموعی طور پر 11 فیصد کمی ، شہر کو گانجہ کی لنعت سے پاک کرنے کا عزم’ کمشنرپولس انجنی کمار

حیدرآباد : /22 ڈسمبر (پی ایم آئی) شہر حیدرآباد کے جرائم میں مجموعی طور پر گیارہ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئ ہے جس میں شہریوں کا تعاون بھی حا صل رہا’جبکہ سائبر جرائم ، قتل اور سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بتائی ۔ انہوں نے آج حیدرآباد سٹی پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کو جاری کیا ۔ حسین ساگر کے بیچ گوتم بدھ مجسمہ کے قریب منعقدہ ایک سالانہ پریس کانفرینس میں کمشنر پولیس نے رپورٹ جاری کی اور کہا کہ گزشتہ سال کی بہ نسبت جرائم میں بہ حیثیت مجموعی کمی واقع ہوئی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کے بہ نسبت حیدرآباد جرائم کے تمام زمروں میں سب سے بہتر شہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020ء کے کورونا وائرس، لاک ڈاؤن اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے کووڈ قواعد پر پولیس نے سختی سے عمل آوری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020 ء کو جرائم کے تقابل کیلئے نہیں لیا جارہا ہے جبکہ سال 2019 ء سے جرائم کا تقابل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کی کمی کے پس پردہ عادی مجرمین پر سختی سے پی ڈی ایکٹ نافذ کرنا اور روڈی عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں میں 44 لاکھ سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2019 ء میں کے مقابلہ جاریہ سال قتل کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ عصمت ریزی اور دیگر قسم کی زیادتیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ کم عمر بچوں کے خلاف بھی جرائم میں جاریہ سال اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس سلسلہ میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ دونوں شہروں میں گانجہ کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی اور مختلف قسم کے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے بہتر پیروی کے نتیجہ میں سزا کی شرح میں بھی جاریہ سال اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2021 ء میں کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن II اور عید و تہواروں کیلئے بھی موثر بندوبست کیا گیا تھا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے شعبہ ٹریفک کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ سال 2021 ء میں 10 کروڑ 49 لاکھ روپئے جرمانہ کی رقم وصول کی گئی ہے جبکہ 70 لاکھ سے زائد چالانات کئے گئے ہیں ۔ مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر پولیس کرائمس شریمتی شیکا گوئل نے کہا کہ جاریہ سال سائبر کرائمس کیسیس میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سال 2019 ء کے تقابل میں 2021 ء میں 1883 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن دھوکہ دہی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر متعلقہ فون کالس کا جواب دیتے ہوئے اپنے بینک کھاتے کی تفصیلات اور او ٹی پی وغیرہ کسی سے شیئر نہ کریں ۔کمشنر ٹاسک فورس کی جانب سے بھی بین ریاستی خطرناک ٹولیوں کے علاوہ منشیات اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ۔ اسی طرح حیدرآباد پولیس کے شعبہ اسپیشل برانچ نے بھی پاسپورٹ درخواستوں کی 100 فیصد تنقیح کی ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ڈائیل 100 کو جاریہ سال 1,99873 فون کالس موصول ہوئے ہیں ۔ جن میں زیادہ تر ویسٹ زون علاقہ شامل ہے ۔ دونوں شہروں میں مہلک سڑک حادثات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد یعنی حالت نشہ میں گاڑی چلانا وغیرہ کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے ۔ ہیلمٹ نہ پہننے ، ٹربل رائیڈنگ اور اس سے متعلق خلاف ورزیوں پر بھی پولیس کارروائی کررہی ہے ۔ انہوں نے سال 2022ء کے مشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سٹی پولیس سال 2022 ء میں عوام سے مزید قریب اور بہترین و خوشگوار تعلقات کو اہمیت دے گی اور محکمہ میں ہر پولیس اسٹیشن سطح پر عملہ کو مقامی ماحول کے حساب سے تربیت دی جائے گی ۔ ای لرنگ اور ای ماڈیولس سسٹم کو رائج کیا جائے گا ۔ عوام اور پولیس میں دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں کانسٹبل سطح پر مانٹیرنگ سسٹم رائج کیا جائے گا ۔ کورونا وائرس کے پیش نظر جشن سال نو سے متعلق سوال کئے جانے پر انجنی کمار نے کہا کہ جشن منانے کیلئے کوئی پابندی نہیں ہے لیکن انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈ۔19 پروٹوکول کی پابندی کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں