امرناتھ یاترا کشمیری مسلمانوں کے تعاون سے کامیاب ہوتی ہے

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ‘امرناتھ یاترا فوج یا پولیس نہیں بلکہ کشمیری مسلمان کراتے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ یاترا مقامی لوگوں کے تعاون اور حمایت سے ہی کامیاب ہوتی ہے’۔

گورنر نے جہانگیر چوک – رام باغ فلائی اوور کے آخری مرحلے کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا ‘امرناتھ یاترا کو سیکورٹی فراہم کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ لیکن یاترا فوج یا پولیس نہیں کراتی ہے، امرناتھ یاترا برسوں سے کشمیری عوام اور خاص طور پر ہمارے مسلمان بھائی کرا رہے ہیں۔ یاترا ان کی حمایت اور تعاون سے ہی کامیاب ہوتی ہے’۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وزیر داخلہ امت شاہ کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے، گورنر کا کہنا تھا: ‘ابھی میں ایسا کچھ بھی نہیں دیکھ رہا ہوں۔ لیکن میرا ماننا ہے کہ امت شاہ کی لیڈرشپ بہت کامیاب لیڈرشپ ہے۔ انہوں نے جو بھی کام ہاتھ میں لیا ہے اس کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں