عوام دوست تلنگانہ پولیس کےملک بھر میں چرچے: وزیر داخلہ محمود علی

حیدرآباد ۵ جون ۔تلنگانہ پولیس اپنی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ میں ملک بھر میں اہم مقام رکھتی ہے۔قیام تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ پولیس نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں ٹی سرینیواس یادو نے آصف نگر پولیس اسٹیشن کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام تلنگانہ سے قبل عوام میں پولیس کے متعلق ایک قسم کا ڈر اور خوف تھا جس کی وجہ سے عوام بلا خوف پولیس اسٹیشن کو نہیں جایا کرتے تھے ۔ بلکہ جب کبھی پولیس اسٹیشن کو جانا ہوتا تو اپنے کسی لیڈر یا وکیل کو ساتھ لے جایا کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان کے مسائل کا حل وقت طلب ہوتا تھا۔ اس کے مقابل قیام تلنگانہ کے بعد وزیر اعلی ٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤنے محکمہ پولیس کو اہمیت دیتے ہوئےا س میں کئی ایک اصلاحات لائیں جس میں ڈی جی پی ڈاکٹر مہندر ریڈی نے کافی تعاون کیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے محکمہ پولیس کو سات سو کروڑ روپئیوں کا بھاری بجٹ مہیا کیا جس کی بدولت محکمہ پولیس میں جدید آلات سے لیز مختلف قسم کی گاڑیاں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے پچھلے سات سالوں میں بہترین کارکردگی سے ملک بھر میں تلنگانہ پولیس کا نام روشن کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس جدید ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرکے مسائل کا حل تلاش کرتی ہے۔سی سی ٹی وی کی تنصیب میں تلنگانہ ریاست، ملک بھر میں سر فہرست ہے۔ملک بھر کے 70% فیصد کیمرے صرف تلنگانہ میں موجود ہیں۔ اسکے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی حیدرآباد کوسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں اہم مقام حاصل ہے۔ تلنگانہ میں خواتین کی سیفٹی اور سیکیوریٹی کو بھی اہمیت دی جاتی ہے اسی لیے ان کے مسائل کو فوری حل کرنے اور حفاظت فراہم کرنے کے لیے ” شی ٹیم” کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے بہترین نتائج منظر عام پر آرہے ہیں۔محمد محواد علی نے کہا کہ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر پُر امن ہے۔یہاں پر کسی قسم کے فسادات یا نیکسلزم نہیں ہیں۔انہوں نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیل 100 سے پانج منٹ کے اندر پولیس ایکشن لے رہی ہے۔وزیر موصوف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی طرز کا سنٹر ہے جوملک بھر میں کہیں نہیں ہے۔ اس سنڑ کی تکمیل سے محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر متعدد محکمہ جات کو بھی اس سنٹر سے مربوط کرتے ہوئے اعلیٰ خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے آخر میں کہا کہ تلنگانہ حکومت مجموعی طور پر ترقی کی طرف گامزن ہے جس کا سہرہ وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤکے سر جاتا ہے۔انہوں نے آصف نگر پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کی بہترین تعمیر پر ڈی جی پی ڈاکٹر ایم مہیندر ریڈی، حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی، حیدرآباد پولیس کمشنر کے علاوہ ایم ایل سی ایم ایس پربھاکر، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، تلنگانہ اسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن کے چیرمن دامودر، ایڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم) محترمہ شیکھا گوئل، ایڈیشنل پولیس کمشنر ( ٹرافک) انیل کمار، ایڈیشنل پولیس کمشنر ( لا اینڈ آرڈر) ڈی ایس چوہان، جوائنٹ پولیس کمشنر اے آر سرینیواس، وجیہ نگر کالونی کارپوریٹر ڈاکٹر قاسم، گڈی ملکا پور کارپوریٹر کروناکر اور دیگر شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں